ڈانڈیلی، 28 / جنوری (ایس او نیوز) ڈانڈیلی کی ایک ریلوے کراسنگ پر مال بردار ٹرین رکی رہنے کی وجہ سے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک گیٹ کو بند رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والی موٹر گاڑیوں کے علاوہ عوام اور طلبہ کو انتہائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈانڈیلی میں واقع ویسٹ کوسٹ پیپر مل کے لئے کچا مال لاد کر لانے والی ٹرین تقریباً ڈھائی گھنٹے تک ایک ہی جگہ رکی رہی جس کی وجہ سے ہاسنمال کراسنگ کا راستہ بند ہوگیا اور پٹری کے دونوں طرف موٹر گاڑیوں کا جام لگ گیا جس میں نرسری سے لے کر کالج کے طلبہ کو کو لے جانے والی بسوں کے علاوہ دوسری ریاست سے آنے والی ٹورسٹ بس بھی شامل تھی ۔ اس کے علاوہ ڈانڈیلی سے ہاسنمال جانے اور وہاں سے ڈانڈیلی کی طرف لوٹنے والے مقامی لوگوں کو بھی بہت زیادہ پریشانی اٹھانی پڑی ۔
عوام نے ٹرین کے ایک ہی جگہ رکے رہنے سے ہوئی اس رکاوٹ پر اپنی ناراضگی جتاتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمہ کو اس تعلق سے فوری توجہ دینا چاہیے اور ایسے اقدامات کرنا چاہیے کہ آئندہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آئے ۔