ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 26/11 ممبئی حملے کے ملزم تہوّر رانا سے این آئی اے نے آواز اور تحریر کے نمونے حاصل کیے

26/11 ممبئی حملے کے ملزم تہوّر رانا سے این آئی اے نے آواز اور تحریر کے نمونے حاصل کیے

Sat, 03 May 2025 18:44:03    S O News

نئی دہلی، 3 مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) 26/11 ممبئی دہشت گرد حملوں کے کلیدی ملزم تہوّر رانا سے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کے روز ان کی آواز اور تحریر کے نمونے حاصل کر لیے۔ یہ کارروائی این آئی اے ہیڈکوارٹر میں کی گئی جہاں دونوں نمونے ایک ہی دن میں جمع کیے گئے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب رانا کی تفتیشی حراست کا وقت محدود ہے اور 10 مئی کو ممکنہ طور پر اسے تہاڑ جیل کی ہائی سکیورٹی سیل میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔

پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی خصوصی این آئی اے عدالت نے 30 اپریل کو تفتیشی ایجنسی کو رانا کے وائس سیمپل اور ہینڈ رائٹنگ سیمپل لینے کی اجازت دی تھی، جس پر رانا کے وکیل نے اعتراض کیا تھا۔ تاہم، این آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس رانا کی پرانی فون کالز کی ریکارڈنگز موجود ہیں اور ان کی سائنسی تصدیق کے لیے آواز کے نمونے لینا ضروری ہے۔ عدالت نے اس موقف کو تسلیم کرتے ہوئے اجازت دے دی۔

ذرائع کے مطابق، تہوّر رانا سے تفتیشی ایجنسی گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے، اور ہر دن تقریباً آٹھ گھنٹے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رانا کئی سوالات کے جوابات گول مول دے رہا ہے اور حقائق چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے باعث آواز اور تحریر کے نمونے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

تھوّار رانا کو 10 اپریل کو امریکہ سے بھارت لایا گیا تھا، جب امریکی سپریم کورٹ نے اس کی بھارت حوالگی کے خلاف عرضی مسترد کر دی تھی۔ رانا کی حوالگی کے بعد، این آئی اے نے اسے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا اور 18 دن کی حراست حاصل کی، جسے بعد ازاں عدالت نے 12 دن تک بڑھا دیا ہے۔ 10 مئی کو یہ حراست مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد مزید حراست کا حصول مشکل ہو سکتا ہے۔ این آئی اے اس دوران تمام اہم قانونی اور تفتیشی تقاضے پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔


Share: