ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منی پور کے کانگ پوکپی میں ایس پی آفس پر حملہ، کئی پولیس اہلکار زخمی

منی پور کے کانگ پوکپی میں ایس پی آفس پر حملہ، کئی پولیس اہلکار زخمی

Sat, 04 Jan 2025 16:44:42    S.O. News Service

امپھال ، 4/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)منی پور کے کانگ پوکپی ضلع میں جمعہ کی شام مشتعل ہجوم نے ایس پی آفس پر پتھراؤ اور پیٹرول بم سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایس پی منوج پربھاکر سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق، کوکی برادری کا مطالبہ ہے کہ امپھال مشرقی ضلع کی سرحد پر واقع سیبول گاؤں سے سیکورٹی فورسز کو ہٹایا جائے۔ کوکی برادری کا الزام ہے کہ ایس پی نے مرکزی فورسز کو گاؤں سے نہیں ہٹایا، جہاں 31 دسمبر کو خواتین پر مبینہ لاٹھی چارج کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ جمعہ کی شام مشتعل مظاہرین نے گاؤں میں بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی مسلسل تعیناتی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی دفتر پر پتھراؤ کیا، فائرنگ کی، اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق سیکوریٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں کئی مظاہرین بھی زخمی ہوئے ہیں۔ حملے میں ایس پی دفتر کے احاطہ میں موجود گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ میں زخمی ایس پی منوج پربھاکر اور دیگر لوگوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے اضافی مرکزی افواج کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتہ سیکوریٹی فورسز نے گروپوں کے درمیان گولی باری کے بعد گاؤں اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مہم چلائی تھی۔

دوسری طرف منی پور کے کاکچنگ ضلع سے ممنوعہ تنظیم کانگ لیپاک کمیونسٹ پارٹی (پیپلز وار گروپ) کے 42 سالہ ایک رکن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے شخص کی پہچان ماینگبام موموچا میتی کے طور پر کی گئی ہے اور اسے جمعرات کو بجائے پور متھک لیئی کائی علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس انتہاپسند تنظیم کو جبراً وصولی اور کئی لوگوں کے گھروں پر گرینیڈ رکھنے کے معاملے میں منسلک پایا گیا ہے۔ وہیں سیکوریٹی فورسز نے جمعہ کو چوراچاند پور ضلع کے سیبوہ گاؤں کے جنگی علاقے میں ایک مہم کے دوران 6 اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیے۔


Share: