ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’آر ٹی آئی کے خاتمے کی کوشش‘، کانگریس کا مودی حکومت پر سنگین الزام

’آر ٹی آئی کے خاتمے کی کوشش‘، کانگریس کا مودی حکومت پر سنگین الزام

Thu, 09 Jan 2025 10:59:18  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس نے آج اطلاعات کے حق (آر ٹی آئی) کے معاملے پر مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت ایک منظم سازش کے تحت آر ٹی آئی قانون کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کانگریس نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ انفارمیشن کمیشن کے کئی اہم عہدے خالی ہیں، جنھیں فوری طور پر پُر کرنا ضروری ہے۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس سلسلے میں کچھ اہم حقائق سامنے رکھے ہیں۔ کانگریس نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کانگریس کی حکومت نے عوام کو ’اطلاعات کے حقوق‘ (آر ٹی آئی) دیا، جس سے لوگ کسی بھی منصوبہ، کسی بھی سرکاری کام کی جانکاری حاصل کر سکیں اور نظام میں شفافیت قائم ہو۔ اب اطلاعات کے حقوق کو ہی ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اس کے تحت انفارمیشن کمیشن میں بھرتیاں نہیں کی جا رہی ہیں۔‘‘

کانگریس نے اس پوسٹ میں سپریم کورٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’سپریم کورٹ نے اس پر (انفارمیشن کمیشن میں بھرتیاں نہ ہونے پر) ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا– انفارمیشن کمیشن میں جو بھی منظور شدہ عہدے ہیں، انھیں بھرا جانا ضروری ہے۔ اگر کسی ادارہ کو چلانے کے لیے لوگ ہی نہیں ہیں تو اسے بنانے کا کیا فائدہ؟‘‘ بعد ازاں کانگریس نے لکھا کہ ’’صاف ہے، منصوبہ بند طریقے سے آر ٹی آئی کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ایسا اس لیے کہ کوئی بھی جانکاری دینا نہیں چاہتا ہے، کیونکہ جانکاریاں شفافیت کو قائم کرتی ہیں اور ذمہ داری طے کرتی ہیں۔‘‘ پارٹی مزید لکھتی ہے کہ ’’آر ٹی آئی قانون کو بچانے کے لیے ضروری قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، انفارمیشن کمیشنوں میں خالی پڑے عہدوں کو بھرنے کی ضرورت ہے۔‘‘


Share: