ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پارلیمنٹ احاطہ میں دھکا مکّی پر کانگریس کا سوال: "حکومت سی سی ٹی وی فوٹیج کیوں جاری نہیں کرتی؟"

پارلیمنٹ احاطہ میں دھکا مکّی پر کانگریس کا سوال: "حکومت سی سی ٹی وی فوٹیج کیوں جاری نہیں کرتی؟"

Sat, 21 Dec 2024 10:34:08    S.O. News Service

نئی دہلی   ، 21/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پارلیمنٹ احاطہ میں گزشتہ روز پیش آنے والے دھکا مُکی کے واقعہ پر بیان بازی کا سلسلہ تیز ہوتا جا رہا ہے۔ اپوزیشن رہنما اسے حکومت کی سازش قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد امت شاہ کو بچانا ہے۔ تاہم، اپوزیشن پارٹیاں، خاص طور پر کانگریس، ڈاکٹر امبیڈکر کے حوالے سے امت شاہ کے بیان پر معافی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ کانگریس نے تو اس کے ساتھ ساتھ وزیرِ داخلہ سے استعفیٰ لینے کی بھی بات کی ہے۔

اس درمیان چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپیش بگھیل نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر حکومت دھکا مُکی واقعہ کی ویڈیو جاری کیوں نہیں کر رہی؟ انھوں نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ احاطہ میں چپہ چپہ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں۔ ایسے میں حکومت سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کیوں نہیں کرتی؟ بی جے پی صرف لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔‘‘ بھوپیش بگھیل کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے صرف دھیان بھٹکانے کے مقصد سے سازش کے تحت دھکا مُکی معاملہ کو طول دیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی لیڈران راہل گاندھی پر جھوٹا الزام لگا کر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے بھی اس معاملے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی لیڈران کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مسئلہ (امت شاہ کا ڈاکٹر امبیڈکر پر متنازعہ بیان) ان تمام ہندوستانیوں کے دلوں کے قریب ہے جو ہندوستانی آئین پر یقین رکھتے ہیں۔ لہٰذا ہم امت شاہ کو آئین کے عظیم معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین نہیں کرنے دیں گے۔‘‘ وہ یہ سوال بھی کرتے ہیں کہ ’’آخر وہ (امت شاہ) معافی کیوں نہیں مانگتے؟ امت شاہ نے جو بیان دیا ہے، کیا وہ اس سے انکار کر سکتے ہیں؟ ان کی باتیں سب نے سنی ہیں... انھیں معافی مانگنی ہی چاہیے۔‘‘
 


Share: