ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں کانگریس کی واپسی یقینی، ہوا کانگریس کے حق میں بدل چکی ہے؛ سچن پائلٹ کا دعویٰ

دہلی میں کانگریس کی واپسی یقینی، ہوا کانگریس کے حق میں بدل چکی ہے؛ سچن پائلٹ کا دعویٰ

Sat, 25 Jan 2025 10:59:59    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 25/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)"5 فروری کو دہلی میں نئی حکومت کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی۔ دہلی کی راجدھانی حیثیت کی وجہ سے یہاں کے انتخابات کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ ملک اور دہلی میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑے مسائل بن چکے ہیں۔ مرکزی حکومت میں مودی جی اور دہلی میں اروند کیجریوال نے لاکھوں کروڑوں روزگار فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا، لیکن اب انتخابی مہم میں بی جے پی اور عآپ ان مسائل پر بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔" یہ بیان راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے دہلی کے مادی پور اسمبلی حلقہ میں ایک جلسۂ عام میں خطاب کرتے ہوئے دیا۔

سچن پائلٹ نے برسراقتدار طبقہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ صفائی اہلکاروں کو مستقل کرنے اور نئی بھرتی کا وعدہ کرنے کے بعد پرائیویٹائزیشن کر دیا گیا۔ کیجریوال نے دہلی کے دلتوں کو دھوکہ دیا ہے اور اب ایک بار پھر ملازمین کو مکان دینے کا جملہ پھینک کر دہلی کے دلتوں، خصوصاً بالمیکی سماج کے لوگوں کو ٹھگنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ دہلی میں 40-35 فیصد دلت ووٹرس ہیں، 10 سالہ حکومت میں کیجریوال نے ان کے لیے کچھ بھی کام نہیں کیا۔ ایسے میں انھیں کوئی حق نہیں بنتا کہ وہ دلتوں سے ووٹ مانگیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں دہلی کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اگر دہلی کو مہنگائی سے آزاد کرنا ہے، روزگار حاصل کرنا ہے، 11 سال پہلے والی دہلی، ترقی والی دہلی، سبز دہلی، آلودگی سے پاک دہلی چاہیے تو 5 فروری کو کانگریس کے حق میں ووٹ کریں۔‘‘

سچن پائلٹ نے کانگریس حکومت کے دور کی بھی یاد تازہ کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’تاریخ گواہ ہے، ملک کے اہم شہروں میں دہلی کی ترقی کا تذکرہ دنیا بھر میں ہوتا تھا۔ بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور ترقیات میں دہلی سرفہرست رہی اور دہلی میں 15 سالوں کی شیلا دیکشت حکومت کو ہر کوئی یاد کر رہا ہے۔ کانگریس کے ذریعہ کیے گئے کام ہی ہیں جو لوگوں میں کانگریس کے تئیں اعتماد کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔‘‘ اس دوران کانگریس لیڈر نے کانگریس کی گارنٹیوں کا بھی تذکرہ کیا اور عوام سے کہا کہ حکومت سازی کے فوراً بعد ’پیاری دیدی یوجنا‘ نافذ کیا جائے گا، ’جیون رکشا یوجنا‘ کے ذریعہ دہلی کی عوام کو ہیلتھ انشورنس مہیا کرایا جائے گا، ’یووا اڑان یوجنا‘ کے لیے بھی پیش رفت ہوگی، اور ’مہنگائی مُکتی یوجنا‘ کے تحت 500 روپے میں گیس سلنڈر کے ساتھ ساتھ ہر مہینے راشن کِٹ بھی دیا جائے گا۔ 300 یونٹ مفت بجلی کی گارنٹی کے بارے میں بھی سچن پائلٹ نے عوام کو بتایا اور کہا کہ اس سے عوام کو بہت فائدہ پہنچنے والا ہے۔


Share: