ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’مکیش چندراکر کے قاتلوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘، پرینکا گاندھی کا قتل پر گہرے دکھ کا اظہار

’مکیش چندراکر کے قاتلوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘، پرینکا گاندھی کا قتل پر گہرے دکھ کا اظہار

Sun, 05 Jan 2025 10:58:18    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 5/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں صحافی مکیش چندراکر کے بے رحمانہ قتل کے بعد سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتیں اور رہنما اس معاملے پر اپنے سخت ردعمل دے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس کی سینئر رہنما اور وائناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’بستر میں صحافی مکیش چندراکر کے قتل کی خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مکیش نے بدعنوانی کو بے نقاب کیا تھا، جس کے بعد انہیں بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ میں ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ فوری اور سخت کارروائی کی جائے، قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے، اور متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ اور ملازمت دینے پر غور کیا جائے۔ مقتول کو خراج عقیدت۔‘‘

واضح ہو کہ صحافی مکیش چندراکر نے ٹھیکیدار سریش چندراکر کی بدعنوانی کو اپنی رپورٹ کے ذریعہ بے نقاب کیا تھا۔ ٹھیکیدار سریش چندراکر کو بستر میں 120 کروڑ روپے کی سڑک بنانے کا ٹھیکہ ملا تھا۔ صحافی مکیش کی خبر کے بعد حکومت نے ٹھیکیدار کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ یکم جنوری سے مکیش چندراکر لاپتہ تھے اور ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں چل رہا تھا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ٹھیکیدار سریش چندراکر کے بھائی رتیش نے مکیش کو آخری دفعہ کال کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی مکیش چندراکر کا فون بند تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر یادو نے بھی بتایا ہے کہ بیجاپور کے صحافی مکیش چندراکر یکم جنوری سے اپنے گھر سے لاپتہ تھے۔ ان کے بڑے بھائی یوکیش چندراکر نے پولیس اسٹیشن میں ان کے غائب ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ ہم نے ایک ٹیم بنائی اور انہیں تلاش کرنا شروع کیا۔ تلاش کے دوران ان کی لاش ایک ٹینک سے ملی۔ جس جگہ سے لاش ملی وہ ٹھیکیدار سریش چندراکر کے گھر کے احاطے میں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جواں سال صحافی مکیش چندراکر کی موت کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو نے قصورواروں کو سخت سزا دینے کی بات کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر 3 جنوری کو ہی ایک پوسٹ کیا تھا اور لکھا تھا کہ ’’بیجاپور کے نوجوان اور مخلص صحافی مکیش چندراکر کے قتل کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ مکیش کا جانا صحافت کی دنیا اور سماج کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس واقعے کے مجرم کو کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جائے گا۔ ہم نے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دینے کی ہدایت دی ہے۔‘‘


Share: