ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس لیڈر طارق انور کا الزام – ’بہار میں اسمبلی انتخاب سے قبل این ڈی اے مذہبی رہنماؤں کا سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے‘

کانگریس لیڈر طارق انور کا الزام – ’بہار میں اسمبلی انتخاب سے قبل این ڈی اے مذہبی رہنماؤں کا سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے‘

Mon, 10 Mar 2025 12:19:08    S O News

پٹنہ، 10/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں رواں سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ چکا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں۔ اسی تناظر میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور کٹیہار سے رکن پارلیمنٹ طارق انور نے بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’این ڈی اے نے بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل مذہبی رہنماؤں کا سیاسی فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے۔‘‘

ایک پریس کانفرنس میں کٹیہار سے کانگریس رکن پارلیمنٹ طارق انور سے ہندو مذہبی رہنما دھریندر شاستری کے بہار دورے کے بارے میں پوچھا گیا۔ نامہ نگار کے جواب میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’مجھے ان مذہبی رہنماؤں کے کہیں بھی جانے سے کوئی دقت نہیں ہے۔ لیکن مجھے حیرانی ہے کہ انہیں ہمیشہ انتخابی علاقوں میں ہی کیوں بھیجا جاتا ہے۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے این ڈی اے پر الزام عائد کیا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ این ڈی اے ان باباؤں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ کیونکہ وہ اپنی حکمرانی میں مایوس کن ٹریک ریکارڈ کے ساتھ انتخاب میں لوگوں کا سامنا کرنے کے سلسلے میں فکر مند ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ بہار کے دورے پر آئے ہندو مذہبی رہنما دھریندر شاستری اپنی تقریریوں میں ’ہندو راشٹر‘ بنانے کو ہمیشہ ایک ضرروت بتاتے رہے ہیں۔ بہار دورے پر بھی انہوں نے ’ہندو راشٹر‘ بنانے کی بات پھر سے دوہرائی اور اسے ضروری امر قرار دیا۔ جس پر سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک بحث چھڑ چکی ہے۔ اپوزیشن اور خاص طور سے کانگریس نے دھریندر شاستری کے اس متنازعہ بیان کی سخت مذمت کی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ دھریندر شاستری کی مذہبی بنیاد پر ووٹروں کی پولرائزیشن کرنے کے لیے بی جے پی کے ذریعہ حمایت کی جا رہی ہے۔
 


Share: