ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بے روزگاروں سے بھرتی فارم پر 18 فیصد جی ایس ٹی وصولی، کانگریس کا مودی حکومت پر سخت حملہ

بے روزگاروں سے بھرتی فارم پر 18 فیصد جی ایس ٹی وصولی، کانگریس کا مودی حکومت پر سخت حملہ

Mon, 23 Dec 2024 19:44:03    S.O. News Service
بے روزگاروں سے بھرتی فارم پر 18 فیصد جی ایس ٹی وصولی، کانگریس کا مودی حکومت پر سخت حملہ

نئی دہلی    ، 23/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ضروری اشیاء پر جی ایس ٹی (گڈس اینڈ سروسز ٹیکس) کا بڑھتا ہوا بوجھ خاص طور پر غریب طبقے کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔ اب ایک خبر سامنے آئی ہے جس نے بے روزگار نوجوانوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ملازمت کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو فارم فیس کے ساتھ 18 فیصد جی ایس ٹی بھی ادا کرنا ہوگا۔ کانگریس نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی ہے۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ادارہ کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت بے روزگار نوجوانوں سے بھرتی فارم پر بھی ٹیکس وصول رہی ہے۔ اتر پردیش کے ’کلیان سنگھ کینسر انسٹی ٹیوٹ‘ میں ملازمت کے لیے درخواست طلب کی گئی ہے، جس میں نوجوانوں سے فارم فیس پر 18 فیصد جی ایس ٹی کی وصولی کی بات کہی گئی ہے۔‘‘ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’مودی حکومت ایک طرف تو نوجوانوں کو ملازمت نہیں دے پا رہی، دوسری طرف امتحان فارم پر جی ایس ٹی وصول کر ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔‘‘

مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اپنے پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ملک کے نوجوان پہلے ہی بے روزگاری، پیپر لیک اور امتحان میں دھاندلی سے پریشان ہیں، لیکن مودی حکومت کا ’وصولی نظام‘ ان کی زندگی مزید مشکل بنانے پر آمادہ ہے۔ نریندر مودی کا ایک ہی فنڈا ہے– عوام سے وصولی کروں گا، دوست کی تجوری بھروں گا۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس نے جس ادارہ کا نوٹیفکیشن ’ایکس‘ پر شیئر کیا ہے، وہ ’کلیان سنگھ سپر اسپیشلٹی کینسر انسٹی ٹیوٹ‘ کا ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ لکھنؤ کے سلطان پور روڈ پر واقع ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فارم فیس کی شکل میں 3 زمرہ کے امیدواروں کے لیے الگ الگ رقم ہے۔ غیر ریزرو امیدواروں کے لیے درخواست فیس 1000 روپے، او بی سی/ای ڈبلیو ایس امیدواروں کے لیے بھی 1000 روپے، اور ایس سی/ایس ٹی کے لیے 600 روپے۔ اس فیس پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کی بات بھی ظاہر کی گئی ہے۔ اس طرح غیر ریزرو، او بی سی/ای ڈبلیو ایس امیدواروں کو فارم فیس کی شکل میں 1000 روپے کی جگہ 1180 روپے، اور ایس سی/ایس ٹی امیدواروں کو 708 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
 


Share: