ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / الکا لامبا کا حکومت پر سخت حملہ: مہنگائی، ایندھن کی قیمتیں اور خواتین کے خلاف رویے پر سوالات

الکا لامبا کا حکومت پر سخت حملہ: مہنگائی، ایندھن کی قیمتیں اور خواتین کے خلاف رویے پر سوالات

Wed, 16 Apr 2025 12:06:58    S O News

نئی دہلی ،  16 / اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)آل انڈیا مہلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے منگل کے روز اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی عوام کی زندگی اجیرن بنا چکی ہے، لیکن بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت اس سنگین مسئلے پر بالکل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ الکا لامبا نے الزام لگایا کہ حکومت عوامی مسائل کو نظر انداز کر کے صرف انتخابی مفادات کی سیاست میں مصروف ہے۔

الکا لامبا نے کہا کہ بی جے پی کا واحد مقصد اب صرف سرکاری و نجی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانا رہ گیا ہے، جس کا نقصان عام آدمی، متوسط طبقہ، کم آمدنی والے افراد اور خواتین کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے 2014 سے اب تک کے پٹرول اور ڈیزل کے داموں کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب کانگریس کی حکومت تھی تب پٹرول 72 روپے فی لیٹر سے زیادہ نہیں تھا، جبکہ آج یہ قیمت 98 سے 100 روپے کے درمیان ہے۔ اسی طرح، ڈیزل 55 روپے سے بڑھ کر 88-89 روپے ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں پٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی 9.20 روپے اور ڈیزل پر 3.46 روپے تھی، جو اب بڑھ کر بالترتیب 19.90 اور 15.80 روپے ہو چکی ہے۔

الکا لامبا نے سوال اٹھایا کہ جب 2014 میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل تھی، تب بھی قیمتیں کم تھیں اور اب جب قیمتیں 65.31 ڈالر فی بیرل پر آ چکی ہیں، تو پھر عوام کو ریلیف کیوں نہیں دیا جا رہا؟ انہوں نے الزام لگایا کہ پٹرول اور ڈیزل پر اضافی ٹیکس لگا کر حکومت نے پچھلے 11 سال میں تقریباً 40 لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں، جن کا فائدہ صرف تین بڑی نجی کمپنیوں کو ہوا ہے۔

خواتین کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 414 روپے تھی اور اس پر سبسڈی بھی دی جاتی تھی لیکن آج سبسڈی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور سلنڈر کی قیمت 1100 روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ راجستھان کے انتخابی جلسوں میں ’مودی کی گارنٹی‘ کے تحت 450 روپے کا سلنڈر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن آج وہ سلنڈر کہیں نظر نہیں آ رہا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے، جن میں انہوں نے کانگریس پر مسلمانوں کی سیاست کا الزام لگایا، الکا لامبا نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ملک کے سب سے اعلیٰ عہدے پر بیٹھا شخص مہنگائی، بے روزگاری اور خواتین کے تحفظ جیسے سنگین مسائل پر بات کرنے کے بجائے مذہبی جذبات کو بھڑکانے میں مصروف ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کا نام لے کر کہا، ’’میں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہتی ہوں، نریندر مودی جی آپ سدھر جائیے۔ آپ نے 2024 میں خواتین کو ڈرا کر ان کے مسائل سے دھیان ہٹانے کی کوشش کی۔ ‘آپ کا منگل سوتر خطرے میں ہے’ جیسے جملوں سے ووٹ بٹورنے کی سیاست کی لیکن عوام نے آپ کو جواب دیا، اور آپ کی حکومت بیساکھیوں کے سہارے چل رہی ہے۔‘‘

الکا لامبا نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے جلد از جلد مہنگائی، بے روزگاری اور خواتین کے تحفظ پر سنجیدگی سے قدم نہیں اٹھائے، تو آنے والے دنوں میں بی جے پی کو بہار اور آندھرا پردیش میں بھی اتحادیوں کی حمایت سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا، ’’آپ ملک کے وزیر اعظم ہیں، یہ زبان آپ کو زیب نہیں دیتی۔ اگر آپ نے خواتین کو ڈرانا، بھڑکانا اور ان کے مسائل کو نظر انداز کرنا بند نہیں کیا، تو یہی جڑے ہوئے ہاتھ بند مٹھی میں تبدیل ہو جائیں گے اور آپ کو کھلا چیلنج دیں گے۔‘‘
 


Share: