ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’ووٹ چوری‘ کے خلاف کانگریس کا ملک گیر احتجاجی پلان، ریلیاں، یاترائیں اور دستخطی مہم کا اعلان

’ووٹ چوری‘ کے خلاف کانگریس کا ملک گیر احتجاجی پلان، ریلیاں، یاترائیں اور دستخطی مہم کا اعلان

Thu, 14 Aug 2025 11:08:53    S O News

نئی دہلی، 14 /اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف اپنی مہم کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنے  کے عزم کے ساتھ کانگریس نے ۱۵؍ اکتوبر تک کے احتجاج کا روڈ میپ جاری کردیاہے۔  ایک طرف  جہاں  ۱۷؍ اگست سے بہار میں راہل گاندھی تیجسوی یادو کے ساتھ ’’ووٹ ادھیکار‘‘ ریلی کا آغاز کریں گے وہیں دہلی میںپارٹی ہیڈ کوارٹرز میں  جنرل سیکریٹریز ، ریاستوں کے ذمہ داروں اور ذیلی تنظیموں کے سربراہان کی میٹنگ میں آئندہ ۲؍ مہینے کے احتجاج کا لائحہ عمل جاری کردیا گیا ہے۔

۱۷؍ اگست کو بہار میں ’’ووٹ ادھیکار ریلی‘‘ کے آغاز سے قبل جمعرات سے ہی کانگریس اپنے جواں سال لیڈر کنہیا کمارکی قیادت میں ملک گیر مہم شروع کررہی ہے۔ کنہیا کمار نے خود ایک ویڈیو پیغام میں اس کی اطلاع دی۔انہوں نےبتایا کہ جمعرات (۱۴؍اگست) کی رات کو ملک بھر کے  اضلاع کے صدردفاتر میں مشعل جلوس منعقد کیا جائےگا جبکہ ۲۲؍ اگست سے ۷؍ ستمبر تک تمام ریاستی راجدھانیوں میں ’’ووٹ چور،گدی چھوڑ‘‘ ریلیاں منعقد ہوںگی۔ اس کے علاوہ عوام کو اس تحریک سے جوڑنےکیلئے  ۱۵؍ ستمبر سے ۱۵؍ اکتوبر  تک دستخطی مہم شروع کی جائےگی۔ کانگریس میں   طلبہ تنظیم ’این ایس یو آئی‘ کیلئے ذمہ دار کنہیا کمار نے اعلان کیا کہ ’’کانگریس پوری طاقت سے ووٹ چوری  کے خلاف لڑے گی۔‘‘

اُدھر بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر)میں  بڑے پیمانہ پر بے ضابطگیوں  اور  دھاندلی   اور پارلیمنٹ میں  اس پر بحث سے حکومت کے مسلسل انکار کے بیچ کانگریس نے اپوزیشن کی دیگر اتحادی   جماعتوں کے ساتھ  ۱۷؍اگست سے بہار میں  ووٹ  ادھیکار یاترا شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے  اس ضمن میں  ایکس  پوسٹ کیا ہے کہ ’’جمہوریت کے تحفظ کی جنگ اب  سڑکوں ہو گی۔ ۱۷؍اگست سے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور اپوزیشن اتحاد انڈیا کی پارٹیاں پورے بہار میں  بڑے پیمانے پر ووٹ ادھیکار یاترا کا آغاز کریں گی اور خطرناک ایس آئی آر اور ووٹ چوری کے خلاف جنگ کو ایک عوامی تحریکمیں تبدیل کیا جائے گا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ اس تناظر میں بدھ کو  ساسارام میں اپوزیشن اتحاد کے لیڈر سے ملاقات کی گئی تاکہ یاترا کی تیاری اور لوگوں کو اس کیلئے متحرک کرنے کے ساتھ اس کیلئے باہمی تعاون کو ہموار کیا جاسکے۔قابل ذکرہے کہ کانگریس پارٹی ووٹر لسٹ میںہیرا پھیری کے خلاف سخت احتجاج کررہی ہے۔اس میں  پارلیمنٹ کے اندر اور باہر زوردار احتجاج،الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دفتر تک احتجاجی مارچ،ریلیاں اور دستخطی مہم،مسڈ کال مہم سمیت دیگر پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ کانگریس نے ووٹ چوری کے خلاف ایک بڑے عوامی آندولن میں تبدیل کردیا۔کانگریس کی سوشل میڈیا مہم کو بڑے پیمانہ پر پذیرائی مل رہی ہے۔ مسڈکال مہم کے تحت ابھی تک ۱۹؍لاکھ کالز موصول ہوئی ہیں۔جبکہ’ ووٹ چوری ان‘ویب سائٹ پر ۳۲؍لاکھ لوگوں نے رجوع کیا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپوزیشن کی جماعتوں کو ڈیجیٹل ووٹرلسٹ کے مطالبہ کی حمایت میں ابھی تک ۲۱؍لاکھ لوگوں نے سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کیا۔راہل گاندھی کے سوشل میڈیاپر۱۸؍کروڑ ویوز آئے ہیں۔


Share: