نئی دہلی ، 19/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)شمالی ہندوستان میں شدید سردی اور گھنے کہرے نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں اور سرد لہر کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی، اتر پردیش، بہار، راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں اتوار کو بھی گھنے کہرے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ہماچل پردیش کے مختلف علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق راجدھانی دہلی میں اتوار کو آسمان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔ صبح میں اسماگ کے ساتھ ساتھ زیادہ تر جگہوں پر درمیانی سطح کا کہرا اور کچھ جگہوں پر گھنا کہرا ہو سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اگلے ہفتہ ویسٹرن ڈسٹربینس کے فعال ہونے سے بدھ اور جمعرات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کہرے کی وجہ سے ہفتہ کو دہلی میں 47 ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ یہاں ابھی دو دن اور کہرا رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہندوستانی موسم سائنس محکمہ (آئی ایم ڈی) کے سائنسداں ڈاکٹر سوما سین رائے نے کہا کہ ہفتہ کی صبح پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان میں کچھ حصوں میں گھنا کہرا تھا اور کئی جگہوں پر حد نگاہ 50 میٹر سے بھی کم تھی۔
لکھنؤ سمیت اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں بھی دیر رات اور صبح میں کہرے کا اثر جاری ہے۔ پریاگ راج میں 20 جنوری تک گھنا کہرا بنا رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ صبح میں شدید ٹھنڈ سے لوگ ٹھٹھرنے پر مجبور ہیں۔ دوپہر بعد دھوپ کھلنے کے باوجود سرد ہواؤں کے سبب ٹھنڈ کا احساس ہو رہا ہے۔ ریاست میں سب سے کم بلند شہر میں درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اتوار کو دیر رات اور صبح کہرا رہے گا۔ گھنے کہرے کو لے کر محکمہ موسمیات نے الرٹ کیا ہے۔
وہیں حالیہ برفباری کے بعد جموں و کشمیر میں شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ زیادہ تر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت صفر سے کئی ڈگری نیچے چلا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں کے مقابلے کم سے کم درجہ حرارت میں تھوڑا اضافہ ہوا۔ برف کی چادر میں لپٹے سیاحتی مقام گلمرگ کا درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری کے ساتھ وادی کا سب سے ٹھنڈا علاقہ بنا رہا۔
سری نگر میں ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت صفر سے منفی 0.9 ڈگری کم درج کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں قابل ذکر سدھار دیکھنے کو ملا۔ وہیں جموں میں موسم خشک رہا۔ یہاں دن بھر آسمان میں بادل چھائے رہے۔ ویسٹرن ڈسٹربینس کے اثر کے چلتے سری نگر سمیت وادی کے کئی حصوں میں ہلکی برفباری ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک موسم خشک بنا ہوا ہے۔