ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سدارامیا حکومت کا بڑا فیصلہ: مستحقین کو فوری راشن کارڈ، نااہل بی پی ایل کارڈ ہولڈروں کے خلاف کارروائی

سدارامیا حکومت کا بڑا فیصلہ: مستحقین کو فوری راشن کارڈ، نااہل بی پی ایل کارڈ ہولڈروں کے خلاف کارروائی

Wed, 10 Sep 2025 19:09:22    S O News

بنگلورو، 10؍ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں ان کی سرکاری رہائش گاہ "کرشنا" پر محکمہ خوراک، عوامی تقسیم اور صارفین کے امور کی ترقیاتی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں عوامی مفاد کے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت دی کہ ریاست میں نااہل بی پی ایل کارڈ ہولڈروں کے راشن کارڈ منسوخ کیے جائیں اور اس عمل میں کسی بھی مستحق شخص کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو غریب خاندان اب تک بی پی ایل کارڈ سے محروم ہیں، انہیں فوری طور پر کارڈ فراہم کیے جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 3 لاکھ 65 ہزار 614 نااہل بی پی ایل راشن کارڈ منسوخ یا ان کا زمرہ بدلا جا چکا ہے۔

میٹنگ میں "اَنّابھاگیہ یوجنا" کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاول کے ساتھ دیگر غذائی اجناس اور غذائیت سے بھرپور اناج پر مشتمل کِٹ فراہم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے اور اس پر رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے افراد کو رعایتی دکانیں ترجیحی بنیادوں پر دی جائیں تاکہ انہیں روزگار کے مواقع حاصل ہوں۔

وزیراعلیٰ نے راشن کی ترسیل میں شفافیت لانے کے لیے ہدایات دیں کہ سپلائی کرنے والی گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکر نصب کیے جائیں اور تمام گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کم از کم امدادی قیمت اسکیم کے تحت غذائی اجناس کی خریداری پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز اور خود امدادی گروپوں کے تعاون سے کی جائے۔ پہلی مرتبہ 0.29 لاکھ میٹرک ٹن چھوٹے موٹے اناج کی خریداری بھی عمل میں آئی ہے۔

مزید برآں، محکمہ خوراک اور عوامی تقسیم کارپوریشن میں خالی اسامیوں کو جلد پر کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی مفاد میں تمام اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں گے۔


Share: