ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / خصوصی عدالتوں میں سزاؤں کی شرح محض 10 فیصد؛ وزیراعلیٰ سدارامیا برہم، مقدمات میں بروقت چارج شیٹ اور جعلی سرٹیفکیٹس پر سخت کارروائی کی ہدایت

خصوصی عدالتوں میں سزاؤں کی شرح محض 10 فیصد؛ وزیراعلیٰ سدارامیا برہم، مقدمات میں بروقت چارج شیٹ اور جعلی سرٹیفکیٹس پر سخت کارروائی کی ہدایت

Mon, 25 Aug 2025 17:04:17    S O News
خصوصی عدالتوں میں سزاؤں کی شرح محض 10 فیصد؛ وزیراعلیٰ سدارامیا برہم، مقدمات میں بروقت چارج شیٹ اور جعلی سرٹیفکیٹس پر سخت کارروائی کی ہدایت

بنگلورو، 25 /اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیراعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں آج ودھان سودھا کے کانفرنس ہال میں پسماندہ طبقات (ایس سی/ایس ٹی) مظالم انسداد و مانیٹرنگ کمیٹی کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں وزراء ایچ کے پٹیل، ایچ سی مہادیوپا، آر بی تمّاپور، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری افسران بشمول چیف سکریٹری شالینی راجنییش شریک ہوئے۔

اجلاس میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں (2023 تا 2025) میں ایس سی/ایس ٹی مظالم کے تحت کل 6635 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے  4912 مقدمات میں فردِ جرم داخل کی گئی۔ تاہم مقررہ 60 دن کے اندر صرف 4149 مقدمات (63 فیصد) میں ہی چارج شیٹ پیش ہوئی۔ اب تک صرف 36 مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے جبکہ 679 مقدمات ابھی تفتیش کے مرحلے میں ہیں۔

وزیراعلیٰ سدارامیا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہر مقدمے میں چارج شیٹ 60 دن کے اندر داخل ہونی چاہیے اور اس میں کسی بھی قسم کا بہانہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاست میں قائم 11 خصوصی عدالتوں کے باوجود سزاؤں کی شرح محض 10 فیصد ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو خبردار کیا کہ اگر وہ ملزمان کے ساتھ سازباز میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے جعلی ذات سرٹیفکیٹس کے معاملات پر بھی برہمی ظاہر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس طرح کی جعل سازی ثابت ہونے پر فوری قانونی کارروائی کی جائے اور اس کے ذریعے حاصل شدہ تمام مراعات واپس لی جائیں۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت170 مقدمات ایسے ہیں جن میں جعل سازی ثابت ہو چکی ہے لیکن فیصلوں پر عمل درآمد باقی ہے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں قائم 33 ڈسٹرکٹ کرائم ریکارڈ اینفورسمنٹ (DCRE) پولیس اسٹیشنز میں اگر عملے کی کمی ہے تو فوری بھرتی کی جائے۔ انہوں نے جھوٹے مقدمات کے بڑھتے رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر شکایت درج کرنے سے قبل موقع پر معائنہ اور ابتدائی جانچ لازمی ہوگی۔

سدارامیا نے اجلاس میں بتایا کہ ریاست بھر میں دیوداسی خواتین کے سروے کا کام شروع کیا جا چکا ہے اور سروے مکمل ہوتے ہی بازآبادکاری کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ اس سماجی لعنت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس مقصد کے لیے خصوصی گرانٹ فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا اور باقی ماندہ سرکاری اسامیوں کو پُر کرنے کے معاملے میں فوری کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دلت برادری کو انصاف فراہم کرنے کے معاملے میں حکومت کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، اور رکاوٹ ڈالنے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


Share: