ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تلنگانہ: حیدرآباد میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

تلنگانہ: حیدرآباد میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

Mon, 30 Dec 2024 16:55:56    S.O. News Service

حیدرآباد، 30/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اسمارک کے معاملے پر کانگریس مسلسل مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اسی دوران تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پیر کے روز اعلان کیا کہ حیدرآباد کے فنانشیل ڈسٹرکٹ میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس حوالے سے اراکین اسمبلی سے مشورے بھی طلب کیے ہیں۔

آج تلنگانہ اسمبلی میں آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اسمبلی اسپیکر جی پرساد کمار کی طرف سے صبح 10 بجے اسمبلی کی کارروائی شروع کرنے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے منموہن سنگھ کے انتقال پر اظہارِ غم کیا۔ ساتھ ہی ریڈی نے 2014 میں نئی ریاست کی شکل میں تلنگانہ کی تشکیل میں منموہن سنگھ کے کردار کے لیے شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے جانکاری دی کہ تلنگانہ اسمبلی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھارت رتن سے سرفراز کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے گزارش پر مبنی ایک قرارداد پاس کرے گا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ تلنگانہ کی تشکیل منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی دوسری مدت کار کے دوران ہوئی تھی۔

بہرحال، اسمبلی میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ ’’ہم نے حیدر آباد فنانشیل ڈسٹرکٹ میں منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم سبھی اراکین اسمبلی سے یہ گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنا مشورہ دیں کہ مجسمہ کہاں نصب کیا جانا چاہیے۔ ہمیں لگتا ہے کہ تلنگانہ کی زمین پر منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنا مناسب رہے گا۔‘‘منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’سابق وزیر اعظم کا انتقال ملک کے لیے بہت بڑا خسار ہے۔ انھوں نے اپنی خاموشی کے لیے ملی تنقید کے باوجود اپنے صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’منموہن سنگھ ملک کے سابق وزیر اعظم اور وزیر مالیات ہیں، لیکن ان کا تلنگانہ سے خاص رشتہ بھی ہے۔ یہاں کے لوگ انھیں تلنگانہ کو جنم دینے والے شخص کی شکل میں اپنے دل میں رکھتے ہیں۔‘‘
 


Share: