ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پنجاب کے لدھیانہ میں دو برادریوں کے درمیان جھڑپ، نماز کے دوران پتھراؤ کا واقعہ

پنجاب کے لدھیانہ میں دو برادریوں کے درمیان جھڑپ، نماز کے دوران پتھراؤ کا واقعہ

Sun, 16 Mar 2025 10:15:36    S O News

لدھیانہ ، 16/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی )پنجاب کے لدھیانہ میں جمعہ کے روز ہولی کے موقع پر دو برادریوں کے درمیان جھڑپ کا واقعہ رونما ہوا، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی۔ اطلاعات کے مطابق، یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب جمعہ کی نماز کے دوران چند افراد نے مبینہ طور پر پتھراؤ کیا، جس سے حالات بگڑ گئے۔

مقامی لوگوں کے مطابق، نماز کے دوران اونچی آواز میں ڈی جے بجنے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی اور دونوں برادریوں کے لوگ آمنے سامنے آ گئے۔ اس واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے، جبکہ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے علاقے کو اپنی نگرانی میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پتھراؤ میں مبینہ طور پر ایک خاص علاقے کے لوگ ملوث تھے۔ ڈی سی پی پی ایس وِرک نے تصدیق کی کہ پولیس نے 7 سے 8 افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پی ایس وِرک نے کہا، ’’ہولی کے موقع پر ایک طرف مسجد ہے اور دوسری طرف مہاجر (دوسرے ریاستوں سے آئے ہوئے) لوگ رہتے ہیں۔ وہ (مہاجر افراد) ڈی جے بجا رہے تھے، جس کو لے کر مہاجرین اور مسلم برادری کے افراد کے درمیان کہا سنی ہو گئی۔ دونوں نے ایک دوسرے پر پتھر بھی پھینکے۔ پولیس موقع پر پہنچی اور صورتحال قابو میں ہے۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور کچھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہم سی سی ٹی وی بھی چیک کریں گے اور تمام قصورواروں کو گرفتار کریں گے۔‘‘

پولیس نے اس معاملے میں بی این ایس کی دفعات 194جی، 191جی، 190 اور 299 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ افسران نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی بھی فرد یا گروہ شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش کرے گا، تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس واقعے کے بعد لدھیانہ پولیس نے علاقے میں اضافی فورس تعینات کر دی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ حکام عوام سے پرامن رہنے اور افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔


Share: