ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اُترا کھنڈ میں شدید بارشوں کے بعد کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ؛ چار دھام یاترا عارضی طور پر معطل، درجنوں یاتری پھنس گئے

اُترا کھنڈ میں شدید بارشوں کے بعد کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ؛ چار دھام یاترا عارضی طور پر معطل، درجنوں یاتری پھنس گئے

Fri, 04 Jul 2025 00:22:55    S O News
اُترا کھنڈ میں شدید بارشوں کے بعد کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ؛ چار دھام یاترا عارضی طور پر معطل، درجنوں یاتری پھنس گئے

لکھنؤ 3 جولائی (ایس او نیوز): اُتّرا کھنڈ میں گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں چار دھام یاترا کے راستوں پر کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس کے سبب اس یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ کئی راستے بند ہو چکے ہیں اور درجنوں یاتری مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کیدارناتھ ہائی وے پر ملبہ اور پتھر گرنے سے سڑک کا ایک حصہ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی آر ایف کے جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے یاتریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ "سڑک صاف ہونے کے بعد ہی یاترا دوبارہ شروع کی جائے گی۔"

رپورٹس کے مطابق کیدارناتھ سے واپسی کے دوران پھنسے ہوئے 40 یاتریوں کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا ہے۔

اسی طرح، یمنوتری ہائی وے پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جہاں سڑک کا ایک حصہ بہہ گیا، جس کے باعث یاترا کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ادھر ضلع اُترکاشی میں بادل پھٹنے (Cloudburst) کے واقعہ نے تباہی مچا دی۔ سلائی بند کے قریب ایک زیر تعمیر ہوٹل سائٹ پر شدید بارش کی زد میں آ کر دو مزدور ہلاک ہو گئے، جبکہ سات مزدور لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ "یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔"

مزید اطلاعات کے مطابق ریاست کی کئی ندیوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ رودرپریاگ ضلع میں الکنندا ندی اپنی طغیانی کے باعث کئی گھروں اور مندروں کو زیر آب کر چکی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں اور انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر کام میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


Share: