چامراج نگر 7/ستمبر (ایس او نیوز): شہر کے گالی پور بائی پاس پر ہفتہ کے روز لاری، کار اور موٹرسائیکل کے درمیان پیش آئے خوفناک سلسلہ وار حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چار ہوگئی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت 10 سالہ میراں، ریحان، عدنان پاشا اور فیضل کے طور پر کی گئی ہے۔
حادثے کے بعد میراں موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ دیگر تین زخمی حالت میں میسور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ تاہم اتوار کو علاج کے دوران ریحان، عدنان پاشا اور فیضل بھی چل بسے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کردی جائیں گی۔ اس سلسلے میں چامراج نگر ٹریفک پولیس تھانے میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔
حادثے کی تفصیل
میراں، اس کا بھائی اور دو قریبی دوست ٹی وی ایس ایکس ایل بائیک پر سیر کے لیے آؤٹر رنگ روڈ پہنچے تھے۔ تیز رفتار لاری سے موٹرسائیکل ٹکرا گئی جبکہ پیچھے سے آنے والی ایک کار بھی لاری سے ٹکرا گئی۔ موٹرسائیکل پر سوار چاروں لڑکوں کے سر کو شدیدچوٹیں آئیں اور آخرکار جان گنوا بیٹھے۔
عینی شاہدین کے مطابق نابالغ بچوں کے ہاتھ میں بائیک دینا والدین کی سنگین لاپرواہی ہے۔ صرف ایک بائیک پر کھیل کود کے شوق میں نکلنے والے چار کم عمر جانوں کا یوں حادثے کا شکار ہونا انتہائی المیہ ہے۔