نئی دہلی ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)تشدد سے نبرد آزما منی پور میں مردم شماری سے متعلق ہائی کورٹ نے ایک اہم ہدایت جاری کی ہے۔ عدالت نے ریاست میں مردم شماری کے عمل کو 30 اپریل 2027 تک روکنے کا حکم دیا ہے۔ منی پور ہائی کورٹ نے مختلف تنظیموں کی جانب سے داخل کردہ عرضیوں کا نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی۔ ان عرضیوں میں ریاست میں جاری تنازعہ اور غیر قانونی نقل مکانی کے باعث آبادی کے تناسب اور جغرافیائی تقسیم (ڈیموگرافی) میں ہونے والی تبدیلیوں کا مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔
درخواست گزاروں کی جانب سے دلیل دی گئی کہ تشدد کے باعث کئی مکانات خالی ہو چکے ہیں یا پھر تباہ ہوگئے ہیں۔ انھوں نے خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں آبادی کی دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد اور سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ان علاقوں کی حقیقی آبادی کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔ اس کے علاوہ درخواست گزاروں نے حد بندی کا عمل بھی شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ فرقہ وارانہ تشدد کے بعد پہاڑی علاقوں میں غیر قانونی طور پر گاؤں بسائے جا رہے ہیں۔ یادداشتوں میں مبینہ بنگلہ دیشی دراندازوں کی ریاست میں آمد کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جو مقامی خواتین سے شادی کر رہے ہیں۔ ان لوگوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کا کوئی بھی عمل شروع کرنے سے پہلے قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کو اپڈیٹ کیا جائے۔
اس دوران راہل گاندھی 26 نومبر کو منی پور کے ایک روزہ دورے پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دورہ کے دوران وہ سب سے پہلے امپھال جائیں گے، جہاں بے گھر ہونے والے افراد اور ان خاندانوں سے ملاقات کریں گے جن کے عزیز ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد راہل گاندھی چوراچند پور جائیں گے۔ یہاں وہ تشدد سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے حالات کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کا یہ دورہ صرف ایک دن کا ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ منی پور میں طویل عرصے سے جاری بحران کے درمیان 31 اکتوبر کو امپھال میں قبائلی طبقوں نے ایک بڑی ریلی نکالی تھی۔ ریلی میں مرکزی حکومت سے منی پور میں جاری بحران ختم کرنے، قبائلی آبادی کا تحفظ یقینی بنانے اور تشدد کے باعث بے گھر ہونے والے ہزاروں خاندانوں کو ان کے گھروں میں واپس بسانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ منتظمین نے اس ریلی کو مرکزی حکومت سے اپنی ’آخری اپیل‘ قرار دیا تھا۔