بیت المقدس ، 20/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)غزہ پٹی میں پندرہ ماہ کی تباہ کن جنگ کے بعد آج اتوار کو جنگ بندی کا آغاز ہوا، جس کے ساتھ ہی پورے علاقے میں جشن کی فضا قائم ہو گئی۔ فلسطینی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی و مسرت کے جذبات کا اظہار کیا۔ جنگ کے دوران مشکلات جھیلنے والے لوگوں کے لیے یہ جنگ بندی امن اور امید کی نئی کرن لے کر آئی ہے۔
پندرہ ماہ کی تباہ کن جنگ نے ساری غزہ پٹی کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا تھا تاہم آج فلسطینیوں نے اسی ملبہ کے ڈھیروں سے گذر کر خوشیوں اور مسرت کا اظہار کیا اور جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ۔ غزہ میں آج اتوار کو 11.15 بجے سے جنگ بندی کا آغاز ہوا ۔ عوام نے ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں اور شیرینی بھی تقسیم کی گئی ۔ غزہ کے ایک شہری ام صالح نے کہا کہ اس کی خوشیوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی جنگ بندی کے نفاذ کا اعلان ہوا انہوں نے اپنا سارا سامان باندھ لیا ہے کیونکہ وہ غزہ شہر میں جانا چاہتی ہیں۔ ان کے بچے بھی وہاں جانا چاہتے ہیں اور اپنے خاندانوں او رشتہ داروں وغیرہ سے ملنا اور انہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پناہ گزین کیمپوں میں وہ ہمیشہ خوفزدہ اور پریشان تھے تاہم جب وہ اپنے گھر جائیں گے تو بہت خوشی ہوگی اور خوشیاں ان کی زندگیوں میں واپس آجائیں گی ۔ ایک نوجوان فلسطینی شہری نے کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ پر ہر کوئی خوش ہے ۔ خاص طور پر بچے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ کم از کم چند دن اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف اتنا چاہتے ہیں کہ اپنی تعلیم مکمل کرسکیں۔
گذشتہ پندرہ ماہ کی نسل کشی کے دوران کئی خواب چکنا چور ہوگئے ہیں۔ غزہ کے ہیلت ورکرس اور بچاؤ و امدادی کارکن بھی سڑکوں پر جشن منا رہے تھے ۔ آن لائین ویڈیوز بھی شئیر کئے گئے ۔ ان میں دکھایا گیا ہے کہ کئی سیول ڈیفنس ٹیمیں بھی جیت کے نعرے لگاتے ہوئے مسرت کا اظہار کررہے تھے ۔ اس کے علاوہ مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے نفاذ سے تازہ ترین اطلاعات ملنے تک جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع نہیں ہے۔
میڈیا کا کہنا تھا کہ کہیں سے کوئی دھماکہ کی آواز نہیں سنائی دی اور نہ ہی لڑاکا طیاروں نے اڑان بھری ہے ۔ صرف سڑکوں پر خوشی میں کی جانے والی فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ آتشبازی بھی کی جا رہی ہے ۔ سارے غزہ میں لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے اور خیریت دریافت کرتے بھی نظر آئے ۔