نئی دہلی، 25/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) مرکزی بورڈ برائے ثانوی تعلیم (سی بی ایس سی ) نے اعلان کیا ہے کہ تعلیمی سال 2026-27 سے دسویں جماعت کے طلبہ کو سال میں دو بار بورڈ امتحان دینے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی اُس سفارش کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد بورڈ امتحانات کے دباؤ کو کم کرنا اور طلبہ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع دینا ہے۔
سی بی ایس سی کے چیئرمین راہول سنگھ کے مطابق پہلا بورڈ امتحان لازمی ہوگا، جو ہر سال فروری کے وسط میں منعقد کیا جائے گا۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ سائنس، ریاضی، سماجی علوم اور دو زبانوں میں سے کسی بھی تین مضامین میں بہتری کے لیے دوسرا امتحان دے سکیں گے۔ یہ دوسرا امتحان مکمل طور پر اختیاری (Optional) ہوگا۔
سی بی ایس سی کے کنٹرولر آف اگزامنیشن ڈاکٹر سیامیام بھاردواج نے بتایا کہ پہلے امتحان کے نتائج اپریل میں جاری ہوں گے، جبکہ دوسرا امتحان مئی میں لیا جائے گا اور اس کے نتائج جون میں جاری کیے جائیں گے۔ طلبہ اپنے پہلے امتحان کے نتائج کی بنیاد پر فیصلہ کر سکتے ہیں کہ وہ بہتری کے امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔
حکام نے بتایا کہ اگرچہ 2019 سے سی بی ایس سی طلبہ کو دو مضامین — بشمول پیشہ ورانہ (Vocational) مضامین — میں بہتری کے امتحان کی اجازت دیتا رہا ہے، تاہم نئی اسکیم کے تحت طلبہ صرف تین اکیڈمک (علمی) مضامین میں بہتری کا موقع حاصل کر سکیں گے۔ بورڈ کے مطابق چونکہ پیشہ ورانہ مضامین میں طلبہ پہلے ہی بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں، اس لیے علمی مضامین میں بہتری کی سہولت زیادہ سودمند ہوگی۔ اس سہولت سے طلبہ کو اپنا 60 فیصد مجموعی اسکور بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔
تاہم، ایک اہم شرط یہ رکھی گئی ہے کہ اگر کوئی طالبعلم پہلے امتحان میں تین یا اس سے زیادہ مضامین میں غیر حاضر رہا یا ناکام ہوا، تو وہ دوسرے امتحان (بہتری امتحان) میں شرکت کا اہل نہیں ہوگا۔ حکام کے مطابق اس شرط کا مقصد طلبہ کو پہلا امتحان سنجیدگی سے لینے پر آمادہ کرنا ہے۔
ڈاکٹر بھاردواج کے مطابق جن طلبہ کو تین یا اس سے زائد مضامین میں ناکامی ہو گی، وہ "ایسنشل ریپیٹ" (Essential Repeat) کیٹیگری میں شمار کیے جائیں گے اور وہ صرف اگلے تعلیمی سال میں ہی دوبارہ امتحان دے سکیں گے۔ جبکہ ایک یا دو مضامین میں ناکام طلبہ "کمپارٹمنٹ" (Compartment) زمرے میں آئیں گے اور دوسرا امتحان دے سکیں گے۔
فی الوقت کمپارٹمنٹ امتحانات جولائی میں منعقد ہوتے ہیں اور ان کے نتائج اگست میں جاری کیے جاتے ہیں، مگر 2026-27 سے یہ امتحانات مئی میں ہونے والے دوسرے امتحان میں ضم کر دیے جائیں گے۔ اس تبدیلی کے بعد جولائی میں کوئی الگ کمپارٹمنٹ امتحان منعقد نہیں ہوگا۔ اگر کوئی طالبعلم دوسرے امتحان میں بھی ناکام ہو جائے، تو اُسے تیسرا موقع اگلے سال کے مین بورڈ امتحان میں ملے گا، یا اُسی سال کے اگلے بہتری امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔
مزید یہ کہ وہ طلبہ جنہوں نے کسی متبادل مضمون کے ذریعے امتحان پاس کیا ہو، لیکن اصل مضمون میں بہتری دکھانا چاہتے ہوں، تو اُنہیں بھی دوسرے امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ مثلاً اگر کسی طالبعلم نے ریاضی میں ناکامی کے بعد متبادل مضمون کے ذریعے پاس کیا ہو، لیکن اُسے اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے لیے ریاضی میں کامیابی درکار ہو، تو وہ ریاضی کا امتحان دوبارہ دے سکے گا۔