نئی دہلی ، 14/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف عام آدمی پارٹی کے لیے ایک نئی مشکل سامنے آئی ہے۔ دہلی کے سابق وزیر صحت اور عآپ کے سینئر رہنما ستیندر جین کے خلاف آمدنی سے زیادہ اثاثے جمع کرنے کے الزام میں سی بی آئی کو مقدمہ چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ ستیندر جین نے سرکاری ملازم کی حیثیت سے 14 فروری 2015 سے 31 مئی 2017 کے دوران تقریباً 1.62 کروڑ روپے کی آمدنی سے غیر متناسب اثاثے جمع کیے ہیں۔ یاد رہے کہ ستیندر جین کے خلاف سی بی آئی نے 4 جنوری کو ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی اور راؤز ایونیو کورٹ نے اس معاملے کو مزید غور کے لیے درج کر لیا ہے۔
واضح ہو کہ دہلی اسمبلی انتخاب میں اس بار عام آدمی پارٹی نے شکور بستی سے ستیند جین کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ ستیندر جین کا مقابلہ بی جے پی کے کرنیل سنگھ اور کانگریس کے ستیش لوتھرا سے ہے۔ شکور بستی حلقہ اسمبلی پر 2013 سے ہی عام آدمی پارٹی کا قبضہ ہے۔ شکور بستی سے تینوں دفعہ ستیندر جین نے جیت درج کی ہے۔ ایسے میں اس دفعہ کے اسمبلی انتخاب میں بھی ستیندر جین کی جیت کی امید کی جا رہی ہے۔ لیکن اس دفعہ ان کے لیے راہ آسان نہیں ہے کیونکہ ان کے مقابلے میں کانگریس اور بی جے پی نے جو امیدوار اتارے ہیں وہ ان کو سخت مقابلہ دینے کی قوت رکھتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ نے اکتوبر 2024 میں سابق وزیر صحت ستیندر جین کو ضمانت دی تھی۔ انہیں منی لانڈرنگ سے منسلک ایک معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مئی 2022 میں گرفتار کیا تھا۔ حالانکہ ای ڈی نے عدالت میں ان کی ضمانت کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ اگر انہیں ضمانت دی گئی تو وہ گواہوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔