ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مرکزی حکومت کا ذات پر مبنی مردم شماری کا اعلان، راہل، تیجسوی اور اکھلیش کے مطالبے کو ملی منظوری، انتخابی سیاست میں نئی ہلچل

مرکزی حکومت کا ذات پر مبنی مردم شماری کا اعلان، راہل، تیجسوی اور اکھلیش کے مطالبے کو ملی منظوری، انتخابی سیاست میں نئی ہلچل

Thu, 01 May 2025 12:03:26    S O News

نئی دہلی، یکم مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) ایسے وقت میں جب مہنگائی، بے روزگاری اور کسانوں کے مسائل جیسے اہم موضوعات پر مودی حکومت کو تنقید کا سامنا ہے، مرکز نے ایک حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کیلئے تیار ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اپوزیشن جماعتیں مسلسل حکومت پر دباؤ ڈال رہی تھیں کہ وہ سماجی انصاف کے اصولوں پر عمل کرے۔ اگرچہ حکومت نے مردم شماری کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ اس اعلان کے ذریعے حکومت نہ صرف بہار سمیت دیگر ریاستوں میں ہونے والے انتخابات پر اثر ڈالنا چاہتی ہے، بلکہ سماجی تانے بانے میں ہورہی کھچاؤ کو وقتی طور پر کم کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔ بلاشبہ، یہ اپوزیشن کی، خاص طور پر راہل گاندھی، اکھلیش یادو، تیجسوی یادو اور اسٹالن جیسے لیڈروں کی ایک بڑی نظریاتی جیت مانی جا رہی ہے۔

 وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو مرکزی کابینہ کی میٹنگ ہوئی جس میں کئی اہم فیصلے کئےگئے۔  میڈیا کو انتظار تھا کہ مرکزی حکومت پاکستان پر حملے کا بلیو پرنٹ بتائے گی لیکن مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشوینی ویشنو نے بریفنگ کرنے سے پہلے ہی بتایا دیا کہ وہ صرف اِسی موضوع پر بات کریں گے ۔انھوںنے کہاکہ’’ آج میٹنگ میں فیصلہ کیاگیا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کو آئندہ مردم شماری میں شامل کیا جائے گا۔‘‘ کانگریس پر طنز کرتے ہوئےانہوں نے  الزام لگایا کہ ’’کانگریس حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کی مخالفت کی تھی ، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا تھا کہ ذات پر مبنی مردم شماری پر غور کیا جائے گا ، اس کے لیے گروپ آف منسٹرز کی تشکیل بھی دی گئی مگر صرف ایک سروے ہی کرایا گیا ۔‘‘

کانگریس سمیت تقریبا سبھی اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے، ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی نے اس فیصلہ کو دیر آئے درست آئے قرار دیتے ہوئے اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے ساتھ ہی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بتائے کہ ذات پر مبنی مردم شماری کب کرائی جائے گی۔ انھوںنے کہاکہ میں نے کئی مرتبہ پارلیمنٹ میں اس معاملہ کو اٹھایا اور وزیر اعظم کو خط بھی لکھا ، انڈیا بلاک کے لیڈران نے بھی کئی بار ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کیا اور لوک سبھا الیکشن میں یہ اہم ایشوبنا۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ بار بار مودی اس پالیسی کو لاگو کرنے سے بچتے رہے اور اپوزیشن پر سماج کو بانٹنے کا جھوٹا الزام لگاتے رہے تاہم یہ سبھی طبقات کے لیے ضروری ہے۔ مردم شماری کے لیے اس سال کے بجٹ میں بھی صرف ۵۷۵ کروڑروپے مختص ہیں اس لیے یہ سوال مناسب ہے کہ حکومت اس کو کیسے اور کب پورا کرے گی۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ مودی حکومت جلد سے جلد بجٹ کا انتظام کرے ،مردم شماری اور ذات پر مردم شماری کا کام پوری شفافیت کے ساتھ شروع کرے۔کھرگے نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی سماجی انصاف کے حوالے اس سے فیصلے سے اب تک بچنے کی کوشش کررہے تھے۔‘‘


Share: