ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کیرالہ: کورونا کے دوران پی پی ای کٹس کی خریداری میں کروڑوں کا اسکینڈل، سی اے جی رپورٹ میں انکشاف

کیرالہ: کورونا کے دوران پی پی ای کٹس کی خریداری میں کروڑوں کا اسکینڈل، سی اے جی رپورٹ میں انکشاف

Wed, 22 Jan 2025 19:26:00  Office Staff   S.O. News Service

ترواننت پورم، 22/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)کووڈ-19 وبا کے دوران ویکسین کے علاوہ پی پی ای کٹس بھی عوام کی حفاظت کے لیے نہایت ضروری ثابت ہوئیں۔ پورے بھارت میں پی پی ای کٹس کی وسیع پیمانے پر خریداری کی گئی تھی، اور ریاستی حکومتوں نے بھی اس سلسلے میں خریداری کی تھی۔ تاہم، کیرالہ حکومت اب اس خریداری کے معاملے میں شدید تنازعے میں گھری ہوئی ہے، اور اس پر پی پی ای کٹس کی خریداری میں کروڑوں روپے کے گھوٹالے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

دراصل سی اے جی (کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل آف انڈیا) نے 21 جنوری کو کیرالہ میں پی پی ای کٹ خریداری میں ہوئے گھوٹالے سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا وبا کے دوران وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کی قیادت والی حکومت نے پی پی ای کِٹ کی خریداری میں بے ضابطگی کا مظاہرہ کیا اور کروڑوں روپے کا گھوٹالہ بھی ہوا۔

سی اے جی کی رپورٹ کے مطابق پی پی ای کِٹ کے لیے اضافی 10.23 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’سین فارما‘ نامی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ یہ کمپنی سب سے اونچی شرحوں پر کِٹ فروخت کر رہی تھی، پھر بھی کمپنی کو خریداری کا آرڈر دیا گیا اور کمپنی کو پہلے ہی 100 فیصد رقم ادا کر دی گئی۔ یہاں یہ بات بھی توجہ طلب ہے کہ مارچ 2020 میں برسراقتدار ایل ڈی ایف حکومت نے کووڈ-19 وبا کے دوران پی پی ای کٹ، این 95 ماسک اور اسی طرح کی دیگر چیزوں کی خریداری کے لیے ’کیرالہ میڈیکل سروسز کارپوریشن لمیٹڈ‘ (کے ایم ایس سی ایل) کو خصوصی منظوری دی تھی۔

بہرحال، سی اے جی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ایل ڈی ایف حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس لیڈر وی ڈی ستیشن نے ایل ڈی ایف حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کووڈ-19 وبا میں لوگوں کی جان بچانے سے زیادہ اپنی جیب بھرنے کی فکر تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ کووڈ-19 وبا کے دوران بدعنوانی کے بارے میں اپوزیشن کے الزامات کی تصدیق کرتی ہے۔ یہ گھوٹالہ وزیر اعلیٰ اور سابق وزیر صحت کے کے شیلجا کی جانکاری میں ہوا تھا۔ اس معاملے میں کے کے شیلجا کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس رپورٹ کی جانچ چل رہی ہے۔


Share: