بنگلورو ، 21/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے بنگلورو شہر کی سڑکوں کی ناقص حالت اور جگہ جگہ موجود گڑھوں پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ایک ماہ کے اندر تمام گڑھے بھرنے اور سڑکوں کو قابلِ آمدورفت بنانے کی ہدایت دی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنی سرکاری رہائش گاہ "کرشنا" میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دیں۔
وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "شہری روزانہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ آخر یہ حالات آپ کی نظر میں کیوں نہیں آتے؟" انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر معیاری کام نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سدارامیا نے ہدایت دی کہ گڑھے بھرنے اور سڑکوں کی مرمت کا کام سائنسی بنیادوں پر انجام دیا جائے اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ملی بھگت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ "بارش سے پہلے سڑکوں کی مرمت کیوں نہیں کی جاتی، ہمیشہ بارش کے موسم میں ہی کام کیوں شروع کیا جاتا ہے؟"
انہوں نے نو تشکیل شدہ گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ خود فیلڈ ورک پر نظر رکھیں اور بی ڈی اے، بی ایم آر سی ایل اور واٹر بورڈ کے درمیان بہتر تال میل قائم کریں تاکہ ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل ہوں۔
افسران کے مطابق گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے تحت 1648.43 کلومیٹر آرٹیریل اور سب آرٹیریل سڑکیں ہیں۔46.61 کلومیٹر ہائی ڈینسٹی کاریڈور سڑکوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔مختلف زونوں میں اب تک 14,795 گڑھوں میں سے 6,749 بھرے جا چکے ہیں جبکہ 8,046 گڑھے باقی ہیں۔ اکتوبر کے آخر تک تمام گڑھوں کو بھرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔108.20 کلومیٹر سڑک پر وائٹ ٹاپنگ مکمل، 143.68 کلومیٹر پر کام جاری۔401.63 کلومیٹر سڑکوں پر ڈامبری کاری مکمل جبکہ 440.92 کلومیٹر پر کام جاری ہے۔کل 584.60 کلومیٹر سڑکوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔
اس موقع پر آرٹیریل اور سب آرٹیریل سڑکوں کی مرمت کے لیے بجٹ 2025-26 میں 18 کروڑ روپے منظور۔ہنگامی کاموں کے لیے تمام میونسپل اداروں کو 25 کروڑ روپے جاری۔جدید ٹیکنالوجی جیٹ پیچر کے لیے 2.50 کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے تاکہ بارش کے موسم میں بھی گڑھوں کو پر کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام محکموں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا، اور ایک ماہ بعد ازسرِ نو جائزہ اجلاس بلایا جائے گا۔