
کیدارناتھ، 15 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): اتراکھنڈ کے مشہور مذہبی مقام کیدارناتھ میں اتوار کی صبح ایک دردناک ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا جس میں سات افراد کی موت واقع ہو گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گپت کاشی سے شری کیدارناتھ دھام کی طرف جا رہا آرین ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گوری کنڈ اور سون پریاگ کے درمیان جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام سات افراد، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا، حادثے کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثہ صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خراب موسم اور حد سے زیادہ افراد کی سوار ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کنٹرول سے باہر ہو گیا۔
ہیلی کاپٹر میں پائلٹ راج ویر کے ساتھ عقیدت مند ترشٹی سنگھ، راج کمار، شردھا، راشی، ونود اور وکرم راوت سوار تھے۔ حکام نے بتایا کہ یہ مسافر اتر پردیش، اتراکھنڈ، مہاراشٹر اور گجرات سے تعلق رکھتے تھے۔
اتراکھنڈ پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ آرڈر ڈاکٹر وی مروگیشن نے بتایا کہ صبح 5:17 پر آرین ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ دورانِ پرواز خراب موسم کی وجہ سے ممکنہ طور پر پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، جس کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف، مقامی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ ہوئیں، لیکن حادثہ پہاڑی علاقے میں ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواریاں پیش آئیں۔
اتراکھنڈ سول ایوی ایشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (یو سی اے ڈی اے) نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک حادثے میں پائلٹ سمیت سات افراد سوار تھے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔