ایودھیا، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے ملکی پور اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کا اعلان ہوتے ہی سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ 5 فروری کو ہونے والی ووٹنگ کے لیے تمام جماعتوں نے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے، جبکہ 8 فروری کو نتائج کا فیصلہ ہوگا۔ اس دوران، سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان اودھیش پرساد نے کہا کہ ملکی پور کے عوام نے عزم کیا ہے کہ اجیت پرساد کی فتح کے ذریعے سماجی انصاف کی نئی تاریخ رقم کی جائے گی اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی عزت کا تحفظ کیا جائے گا۔
اودھیش پرساد نے بدھ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں راجیہ سبھا میں بابا صاحب کی جو توہین ہوئی ہے، وہ صرف ان کی ذات تک محدود نہیں بلکہ آئین اور کروڑوں ہندوستانیوں کی بے عزتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجیت پرساد کی جیت سے ملکی پور کا نام پورے ملک میں گونجے گا اور یہ جیت آئینی اقدار کی بحالی کا ذریعہ بنے گی۔
اودھیش پرساد نے کہا، ’’میں ملکی پور کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 2012 میں مجھے 35000 ووٹوں کے بھاری فرق سے کامیابی دی تھی۔ ملکی پور کی سرزمین میرے لیے مقدس ہے اور یہاں کے عوام نے نہ صرف اسمبلی انتخابات بلکہ لوک سبھا میں بھی بھرپور حمایت دی۔ مجھے اپنی پارٹی کے کارکنان اور قائدین پر مکمل بھروسہ ہے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے تمام کارکنان اور مقامی رہنماؤں کی رضامندی سے اجیت پرساد کو امیدوار نامزد کیا ہے۔‘‘
اس موقع پر اجیت پرساد نے بھی میڈیا سے بات کی اور اکھلیش یادو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملکی پور کے عوام حقیقی مسائل سے واقف ہیں۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ترقی ہوئی ہوتی تو پوری کابینہ اور وزیر اعلیٰ کو انتخابی مہم کے لیے یہاں نہ آنا پڑتا۔ اجیت پرساد نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ آوارہ جانوروں کا ہے، جس کی وجہ سے کئی کسانوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا موجودہ حکومت کے وزراء نے ان کسانوں کے خاندانوں سے ملاقات کی؟
انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف طبقوں کو نشانہ بنانے کی سیاست ہو رہی ہے لیکن ملکی پور کے عوام ان چالوں کو مسترد کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یہ انتخاب ترقی، اتحاد اور بھائی چارے کی بنیاد پر جیتا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے ملکی پور اسمبلی حلقہ میں بھی 5 فروری کو ضمنی انتخاب ہوگا، جبکہ نتائج 8 فروری کو آئیں گے۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے منگل کو دہلی اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہی اتر پردیش کے ملکی پور اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کا بھی اعلان کیا۔ تاہم، ملکی پور اسمبلی ضمنی انتخاب کا باضابطہ نوٹیفکیشن 10 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔