ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پنجاب: مہا پنچایت میں جا رہی بس حادثے کا شکار، 3 خاتون کسان جاں بحق

پنجاب: مہا پنچایت میں جا رہی بس حادثے کا شکار، 3 خاتون کسان جاں بحق

Sat, 04 Jan 2025 17:10:49    S.O. News Service

چندی گڑھ، 4/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)پنجاب کے برنالا ضلع میں ہفتہ کے روز ایک المناک بس حادثہ پیش آیا، جس میں 3 خاتون کسانوں کی جان چلی گئی جبکہ کئی دیگر کسان زخمی ہو گئے۔ یہ خواتین بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) ایکتا اُگرہن کی رکن تھیں اور ہریانہ کے ٹوہنا میں منعقد ہونے والی کسان پنچایت میں شرکت کے لیے سفر کر رہی تھیں۔ حادثے کے وقت بس میں دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے علاج فراہم کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ کسان مہا پنچایت بھارتیہ کسان یونین (ایس کے ایم) کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی تھی۔

حادثہ کے وقت بس میں کتنے کسان موجود تھے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی صحیح اعداد و شمار سامنے نہیں آیا ہے۔ فی الحال پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور راحت و بچاؤ کام میں پوری مستعدی سے لگی ہوئی ہے۔ حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے۔

پنجاب کے کئی شہروں میں اس وقت شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے اور کئی جگہوں پر صبح میں گھنا کہرا چھایا رہ رہا ہے۔ جمعہ کو بھی جالندھر، امرتسر، فرید کوٹ، پٹیالہ، موگا اور پھگواڑہ میں کہرا چھایا ہوا تھا۔ امرتسر میں کہرے کی وجہ سے طیاروں کے شیڈول میں تبدیلی بھی کرنی پڑی تھی۔ شام کے وقت پنجاب کے کئی شہروں میں پھر سے کہرا چھانے لگا اور امرتسر اور پٹھان کوٹ میں نصف رات کے وقت حد نگاہ صفر تھی۔ حد نگاہ کم ہونے حادثہ کا خطرہ لگاتار بنا رہتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ (کے ایم ایم) کے بینر کے زیر اہتمام کسان دہلی کوچ سے روکے جانے کے بعد 13 فروری سے پنجاب اور ہریانہ کے درمیان شمبھو بارڈر اور کھنوری بارڈر پر ڈیرہ جمائے ہوئے ہیں۔ سینئر کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلے والا 26 نومبر سے کھنوری بارڈر پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں تاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکز کی این ڈی اے حکومت پر فصلوں کی کم سے کم حمایتی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی گارنٹی سمیت کسانوں کے مطالبات کو قبول کرنے کا دباؤ بنایا جا سکے۔


Share: