ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بنگلورو، حیدرآباد، امراوتی اور چنئی میں بلیٹ ٹرین سروس جلد شروع ہوگی: وزیر اعلیٰ تلنگانہ کا دعویٰ

بنگلورو، حیدرآباد، امراوتی اور چنئی میں بلیٹ ٹرین سروس جلد شروع ہوگی: وزیر اعلیٰ تلنگانہ کا دعویٰ

Mon, 01 Dec 2025 17:54:22    S O News

حیدرآباد   ، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یکم دسمبر کو ایک اہم جانکاری ریاستی باشندوں کو دی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے مرکز کو بنگلورو-حیدر آباد، حیدر آباد-امراوتی اور امراوتی-چنئی روٹ پر بلیٹ ٹرین منصوبوں کو منظوری دلانے کے لیے راضی کر لیا ہے۔ یہ دعویٰ جنوبی ہند کے بنیادی ڈھانچہ کو بدلنے والے دیرینہ منصوبہ کا حصہ ہے، جس کا مقصد علاقائی معاشی مراکز کو تیزی سے جوڑنا ہے۔

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ صرف بلیٹ ٹرینوں تک محدود نہیں ہے۔ ان کی حکومت ریاست میں گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر کو بھی ترجیح دے رہی ہے، جو سڑک ٹرانسپورٹیشن کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔ یہ شاہراہ نہ صرف سفر کا وقت کم کریں گے بلکہ تجارت اور کاروبار کو بھی فروغ دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی مچھلی پٹنم بندرگاہ کے رابطہ کو بڑھانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ یہ قدم آندھرا پردیش کے اس ساحلی شہر کو جنوبی ہند کے لاجسٹکس نیٹورک سے جوڑنے میں مدد کرے گا۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’ہمارا مقابلہ آندھرا پردیش اور کرناٹک جیسی پڑوسی ریاستوں کے ساتھ نہیں بلکہ چین، جاپان، جرمنی، سنگاپور اور جنوبی کوریا جیسے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ہے۔‘‘ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے اگر حقیقی شکل اختیار کرتے ہیں تو جنوبی ہند کی معاشی رفتار میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی اور تلنگانہ کو ملک کی سب سے ترقی پذیر ریاستوں کی فہرست میں کھڑا کر دیں گے۔ حالانکہ بلیٹ ٹرین پروجیکٹ ابھی تجویز کے مرحلہ میں ہے اور اس پر وسیع ڈی پی آر (ڈیٹیل پروجیکٹ رپورٹ) اور مالیاتی منظوری کا انتظار ہے۔


Share: