ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: بی ٹی للتا نائک کانگریس میں شامل، ڈی کے شیوکمار کا قیادت تبدیلی پر تبصرہ سے انکار – عوامی فلاح کو دی ترجیح

بنگلورو: بی ٹی للتا نائک کانگریس میں شامل، ڈی کے شیوکمار کا قیادت تبدیلی پر تبصرہ سے انکار – عوامی فلاح کو دی ترجیح

Sat, 12 Jul 2025 11:40:00    S O News
بنگلورو: بی ٹی للتا نائک کانگریس میں شامل، ڈی کے شیوکمار کا قیادت تبدیلی پر تبصرہ سے انکار – عوامی فلاح کو دی ترجیح

بنگلورو، 12 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے ریاستی سیاست میں قیادت کی تبدیلی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح پارٹی اور عوامی فلاح ہے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالات پر صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو کچھ دیا ہے، وہی ان کی شناخت ہے، اور وہ اسی کی تکمیل میں مصروف ہیں۔

ڈی کے شیوکمار نے کہا، "پارٹی نے مجھے تنظیمی ذمہ داری اور ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا ہے۔ میرا مقصد صرف پارٹی اور حکومت کی فلاح ہے۔ قیادت کی تبدیلی پر میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، چاہے میڈیا کتنے بھی سوال کرے۔"

انہوں نے بتایا کہ دہلی کے حالیہ دورے کے دوران وہ صرف پارٹی کے سینئر رہنما سرجے والا سے ملے ہیں اور وزراء و اراکین اسمبلی سے مشورے کے بعد ہی عہدوں کی فہرست کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا کے اس بیان پر کہ "نئی قیادت کے بارے میں کوئی بات نہیں ہے", شیوکمار نے مزید کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا، "جب وزیر اعلیٰ نے جواب دے دیا ہے تو اس پر مزید بات کرنا مناسب نہیں۔"

ڈی کے شیوکمار نے دہلی دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی ملاقات مرکزی وزراء سی آر پاٹل، بھوپندر یادو، پرہلاد جوشی اور دیگر سے ہوئی، جہاں ایتن ہولے، میکیداٹو، کلسا-بنڈوری اور کرشنا ندی سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چھ نئے آبپاشی منصوبوں کی منظوری کے لیے یادداشتیں مرکز کو پیش کی گئی ہیں، جبکہ بھدرا اپر ڈیم اسکیم جیسے دیگر اہم امور پر بھی فنڈز کی درخواست دی جا چکی ہے۔ گوا حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر نوٹس پر قانونی مشورے بھی لیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر ایک اہم سیاسی پیش رفت کے تحت ممتاز سماجی رہنما اور سابق وزیر بی ٹی للتا نائک نے جمعہ کو بنگلورو کے بھارت جوڑو بھون میں ڈی کے شیوکمار کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا، "للتا نائک جیسی بااثر شخصیت کا کانگریس میں شامل ہونا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ وہ ایک انقلابی مزاج، انسان دوست اور اصولی سیاست کی حامل رہنما ہیں۔"

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس ہی وہ پارٹی ہے جس نے ملک کو آئین، ترنگا، قومی ترانہ اور جمہوری سوچ عطا کی۔ "ہم مذہب یا ذات کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتے بلکہ پالیسیاں اور عوامی بہبود ہماری سیاست کا مرکز ہیں۔"

ڈی کے شیوکمار نے ریاستی حکومت کی پانچ گارنٹی اسکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعے لاکھوں غریبوں کو براہ راست فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد رقم عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کی ہے، اور یہ کانگریس کی عوامی وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔


Share: