ترواننت پورم، 15 /جون (ایس او نیوز) : برطانیہ کا جدید ترین F-35B لائٹننگ II جنگی طیارہ ہفتہ کی رات دیر گئے کیرالہ کے تروننت پورم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب طیارہ بحر ہند پر مشن کے دوران ایندھن کی کمی کا شکار ہو گیا۔
بھارتی فضائیہ (IAF) نے اپنے بیان میں کہا ہے:"F-35 کی لینڈنگ ایک معمول کا حفاظتی اقدام تھا، جس کی مکمل نگرانی بھارتی فضائیہ نے کی۔ پرواز کی حفاظت کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں اور متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ رکھا گیا۔"
یہ جدید ترین پانچویں نسل کا اسٹیلتھ جنگی طیارہ برطانیہ کے HMS Prince of Wales Carrier Strike Group کا حصہ ہے، جو اس وقت انڈو-پیسیفک میں تعینات ہے اور حال ہی میں ہندوستانی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں حصہ لے چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ غیر معمولی ضرور ہے، مگر اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔ F-35B ماڈل خاص طور پر شارٹ ٹیک آف اور ورٹیکل لینڈنگ (STOVL) کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے لیے روایتی کیٹاپلٹ سسٹم کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر جہاز بردار بحری جہاز HMS Prince of Wales کے گرد خراب موسم کی وجہ سے طیارہ وہاں بحفاظت واپس نہیں لوٹ سکا، جس کے بعد اسے ہندوستانی ایئرپورٹ کی طرف موڑا گیا۔
F-35 پروگرام امریکی دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کی سربراہی میں تیار کیا گیا ہے اور یہ طیارہ جدید فضائی جنگی حکمت عملی میں امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور نیٹو کا اہم اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔