ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سرحدیں مستقل نہیں، ممکن ہے سندھ دوبارہ ہندوستان کا حصہ بن جائے: راج ناتھ سنگھ کا بڑا بیان

سرحدیں مستقل نہیں، ممکن ہے سندھ دوبارہ ہندوستان کا حصہ بن جائے: راج ناتھ سنگھ کا بڑا بیان

Mon, 24 Nov 2025 11:19:42    S O News

نئی دہلی  ، 24/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پاکستان سے مقبوضہ کشمیر واپس لینے کے عزم کا کئی بار اظہار کرنے کے بعد اب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے  پاکستانی صوبہ سندھ کے تعلق سے بھی امید ظاہر کی ہےکہ ممکن ہے کہ مستقبل میں وہ ہندوستان کا حصہ ہو۔

انہوں نے اتوار کو سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی کا ایک بیان یاد کرتے ہوئے کہا کہ سرحدیں مستقل نہیں ہوتیں اور ’’کون  جانے، ہو سکتا ہے کل سندھ دوبارہ   ہندوستان کا حصہ بن جائے۔‘‘  واضح رہے کہ سندھ کا خطہ، جو سندھی لوگوں کا آبائی علاقہ ہے، ہندوستانی  تہذیب کا ایک اہم حصہ رہا ہے اور وادیٔ سندھ کی تہذیب کا مرکز بھی تھا۔ یہ صوبہ تقسیم ہند میں  پاکستان  کے حصہ میں  آیا۔  اتوار کو دہلی میں سندھی سماج سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’یہ اڈوانی جی کا قول ہے۔ آج سندھ کی زمین بھلے ہندوستان کا حصہ نہیں ہے، لیکن تہذیبی طور پر سندھ ہمیشہ   ہندوستان کا حصہ رہے گا۔ اور جہاں تک زمین کا تعلق ہے، سرحدیں بدل سکتی ہیں۔ کون جانتا ہے، کل سندھ دوبارہ  ہندوستان میں ضم ہو جائے۔‘‘انہوں نے کہا کہ بہت سے ہندو آج بھی سندھ کی  ہندوستان  سے علیحدگی کو قبول نہیں کر پائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’صرف سندھ میں ہی نہیں، پورے  ہندوستان  میں ہندو دریائے سندھ کو مقدس مانتے  ہیں۔ ‘‘ راج ناتھ نے کہا کہ ’’جو دریائے سندھ کومقد س مانتے ہیں، وہ ہمیشہ ہمارے رہیں گے چاہےوہ کہیں بھی رہ رہے ہوں۔‘‘


Share: