منی پور ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)منی پور میں جاری تشدد کے دوران ایک بڑی بم دھماکوں کی سازش کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔ آسام رائفلز کی یونٹ اور منی پور پولیس نے ایک گاؤں سے آئی ای ڈی کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 3.6 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ سیکورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا گیا۔
ہندوستانی فوج نے اس معاملے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ فوج کو منی پور واقع چراچندپور ضلع کے لیسیانگ گاؤں میں آئی ای ڈی رکھے ہونے کی خبر ملی تھی۔ خبر ملتے ہی آسام رائفلز یونٹ اور منی پور پولیس نے 24 دسمبر کو ایک مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔ اسی درمیان امپھال-چراچندپور راستہ پر ایک پُل کے نیچے 3.6 کلوگرام دھماکہ خیز مادہ، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز ہوئی کارروائی سے قبل منی پور میں سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز بھی چراچندپور ضلع کے تیجانگ گاؤں میں تلاشی مہم چلائی تھی۔ یہاں سے 3 دیسی راکیٹ، میگزین بشمول ایک پوائنٹ 303 رائفل، میگزین بشمول 4 پستول، 6 دیسی بم اور کم معیاری دھماکہ خیز مادہ کی 45 چھڑیں و دیگر کارتوس ضبط کیے گئے تھے۔ اب منگل کے روز ہوئی تلاشی مہم کے دوران لیسیانگ گاؤں میں سیکورٹی فورسز نے 9 آئی ای ڈی اور دیٹونیٹر ضبط کیے۔
ایسا لگتا ہے کہ منی پور کو لگاتار آگ میں جھونکنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی تلاشی مہم میں کچھ نہ کچھ خطرناک اسلحے یا دھماکہ خیز مادہ ضرور برآمد ہوتے ہیں۔ امپھال مشرقی ضلع کے مارنگ سدانگ سینگبا کے ساتھ نگاریان پہاڑی پر کچھ دنوں قبل میگزین کے ساتھ ایک 7.62 ایم ایم- ایل ایم جی، ایک سنگل بیرل بندوق، ایک 9 ایم ایم پستول اور 2 گرینیڈ کے علاوہ دیگر کارتوس بھی ضبط کیے گئے تھے۔ 17 دسمبر کو بھی ہندوستانی فوج اور منی پور پولیس نے منی پور کے امپھال مشرقی ضلع کے ماپیتھیل رِج علاقہ سے 21.5 کلوگرام وزنی 5 آئی ای ڈی برآمد کیے تھے۔