ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / سعودی عرب میں منعقدہ نوائط کرکٹ لیگ میں بی ایم جے دمام کی شاندارجیت؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ کو ملا دوسرا مقام

سعودی عرب میں منعقدہ نوائط کرکٹ لیگ میں بی ایم جے دمام کی شاندارجیت؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ کو ملا دوسرا مقام

Sun, 09 Feb 2025 18:03:09    S O News
سعودی عرب میں منعقدہ نوائط کرکٹ لیگ میں بی ایم جے دمام کی شاندارجیت؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ  کو ملا دوسرا مقام

ریاض، 9 فروری (ایس او نیوز/ حبیب محتشم) مرڈیشورمسلم کمیونٹی ریاض کے زیرِاہتمام منعقدہ نوائط کرکٹ لیگ 2025 میں بھٹکل مسلم جماعت ایسٹرن پروینس (بی ایم جے دمام) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں بھی کامیابی حاصل کی، جبکہ بھٹکل کمیونٹی جدہ کو ٹورنامنٹ میں دوسرا مقام حاصل ہوا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ اس ٹینس بال، دس اووروں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں مرڈیشور کی پانچ اور بھٹکل کی تین سمیت مجموعی طور پر آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ جمعہ کی صبح سات بجے شروع ہونے والا ٹورنامنٹ دیر رات تقریباً تین بجے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ نماز جمعہ کے لیے وقفہ دیا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے گئے، جن میں سعودی عریب کے مختلف علاقوں میں برسر روزگار بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ولکی، ہوناور اور شیرور کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

  • پہلے سیمی فائنل میں بھٹکل کمیونٹی جدہ نے رویل فائٹرز کو شکست دے کرفائنل میں جگہ بنائی جبکہ۔ دوسرے سیمی فائنل میں بی ایم جے دمام نے بی ایم اے ریاض کوشکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی۔

فائنل میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بی ایم جے دمام نے مقررہ 10 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے، جس میں نعمان نے صرف 23 گیندوں پر 45 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوطی فراہم کی۔ عبدالباقی نے 20 اور فیضان شیخ نے 14 رنز کا تعاون دیا۔ جواب میں، بھٹکل کمیونٹی جدہ مقررہ 10 اووروں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 87 رنز بنا سکی، جس میں سید عفیف مالکی (16 رنز)، اکرامہ موٹیا (14 رنز)، محتسم جاکٹی (13 رنز) اور عبیدہ (11 رنز) نمایاں رہے۔

فائنل میں شاندار جیت درج کرنے پر بی ایم جے دمام کو تین ہزار ریال اور خوبصورت ٹرافی دی گئی، جبکہ رنر اپ بھٹکل کمیونٹی جدہ کو 1500 ریال اور رنر اپ ٹرافی سے نوازا گیا۔ اکرامہ موٹیا کو مین آف دی سیریز، علی شاہ شیرور کو بہترین بلے باز اور محتسم جاکٹی کو بہترین گیند باز قرار دیا گیا۔

8 ڈگری سیلسیس کی سخت سردی کے باوجود سینکڑوں کرکٹ شائقین آخری لمحات تک میدان میں موجود رہے اور کھلاڑیوں نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو بے حد محظوظ کیا۔

مرڈیشورمسلم کمیونٹی ریاض کے صدراورسرگرم سماجی کارکن ڈاکٹر وسیم مانی نے بتایا کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ولکی، شیرور اور ہوناور سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوائط کمیونٹی کے افراد مقیم ہیں، لیکن ان کا آپس میں رابطہ نہیں ہو پاتا۔ اس کمیونٹی کو ایک دوسرے سے متعارف کرانے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے یہ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب رہے۔

ٹورنامنٹ کے کنوینر مصطفیٰ سید نے بتایا کہ رویل فائٹرز، ہیلتھ کیئر 11 دمام، حسیب ٹائٹن، ڈیزرٹ اسٹرائیکرز، شیخ برادرز، بی ایم جے (دمام)، بی ایم اے ریاض (بھٹکل مسلم ایسوسی ایشن ریاض) اور بھٹکل کمیونٹی جدہ سمیت مجموعی طور پر آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ نے ساحلی پٹی کی نوائط کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موقع فراہم کیا۔

ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں مرڈیشورجماعت کی اسپورٹس کمیٹی کے شارق دامدا، راغب ہگلواڑی، قیصر واگ، عبدالملک قاضی، ہاشم مداس، سنان سدی باپا، اسجد، توصیف کوٹیشور اور دیگرافراد نے اہم کردار ادا کیا۔

nawayath-cricket-league-2025-2

Share: