نئی دہلی ، 21/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی پالیسیوں میں راون جیسی صفات ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دہلی کے عوام نے بی جے پی کو اقتدار سونپا تو یہ پارٹی غریبوں کو ’راکشسوں‘ کی طرح برباد کر دے گی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تقریر میں روان کے کردار کی نشاندہی کی تھی کہ ران سونے کا ہرن بن کر آیا اور سیتا میا اس ہرن پر مائل ہو گئیں۔
دریں اثنا، بی جے پی نے اس بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مظاہرہ کیا اور کہا کہ ہرن راون نہیں بلکہ ماریچ تھا۔ کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی راون کے کردار کا دفاع کر رہی ہے، جس سے ان کی فطرت آشکار ہوتی ہے۔
انہوں نے دہلی کے جھگیوں میں رہنے والوں اور غریب عوام کو خبردار کیا کہ بی جے پی اگر اقتدار میں آتی ہے تو ان کے ساتھ کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ غریب طبقے کو راون کے انداز میں نگلنے کے درپے ہیں۔
بی جے پی کے کئی لیڈران، جن میں رکن پارلیمنٹ منوج تیواری بھی شامل ہیں، نے اروند کیجریوال پر الزام لگایا کہ انہیں رامائن اور سیتا میا کے بارے میں کچھ نہیں معلوم اور ان کے بیانات سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
بی جے پی کے کارکنوں نے منگل کو کیجریوال کے گھر کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔ دوسری طرف، کیجریوال نے بی جے پی کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد عوامی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔