ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’آپ کی حکومت اورنگ زیب سے بھی بدتر‘، سنجے راوت کا بی جے پی پر سخت حملہ

’آپ کی حکومت اورنگ زیب سے بھی بدتر‘، سنجے راوت کا بی جے پی پر سخت حملہ

Sat, 15 Mar 2025 10:39:44    S O News

ممبئی  ، 15/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر میں سماجوادی پارٹی کے لیڈر ابو عاصم اعظمی کے اورنگ زیب کی تعریف میں دیے گئے بیان نے سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔ ریاست میں زیادہ تر لیڈران اس بیان سے فاصلہ بناتے نظر آ رہے ہیں۔ اسی دوران شیوسینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راوت نے اورنگ زیب کے نام پر سیاست کرنے والے بی جے پی لیڈران کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے راوت نے بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ’’اورنگ زیب کو مرے ہوئے 400 سال ہو چکے ہیں، اسے بھول جاؤ۔ مہاراشٹر میں کسان خودکشیاں کر رہے ہیں، کیا اس کی وجہ اورنگ زیب ہے؟ نہیں، اس کی اصل وجہ آپ کی ناکام پالیسیاں ہیں۔‘‘

سنجے راؤت نے بی جے پی حکومت کو اورنگ زیب سے بھی زیادہ ظالم اور بدتر ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے بلاجھجک انداز میں کہا کہ ’’اگر اورنگ زیب نے ناانصافی اور مظالم کیے تھے، تو آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ کسان مر رہے ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، خواتین خود کشی کر رہی ہیں۔ اورنگ زیب کی حکومت ختم ہو چکی ہے، لیکن آپ کی حکومت اس سے بھی زیادہ بری ثابت ہو رہی ہے۔‘‘

اس درمیان شیوسینا یو بی ٹی لیڈر نے عوامی سیکورٹی ایکٹ سے متعلق بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اظہار رائے کی آزادی کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ ہم جیسے لوگ ہمیشہ سے اس لڑائی میں شامل رہے ہیں۔ اگر آپ ہمارے حقوق اور آزادی کا گلا گھونٹیں گے تو اس ملک کے لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انھوں نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’مذہب کے نام پر نشہ دے کر آپ (بی جے پی) ہماری آزادی پر حملہ نہیں کر سکتے۔‘‘

سنجے راؤت نے بی جے پی کے طریقۂ حکمرانی اور عوام مخالف پالیسیوں پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر حکومت کو لگتا ہے کہ ان کے خلاف کوئی کھڑا نہیں ہوگا، تو ہم کھڑے ہیں، اور لاکھوں افراد ہمارے ساتھ ہیں۔ ہم حکومت کی تاناشاہی کے خلاف مضبوطی سے لڑیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہمیں کوئی پروا نہیں، ملک کی آزادی اہم ہے، بی جے پی کی آزادی نہیں۔ ہمارے اور عوام کے حقوق سب سے زیادہ اہم ہیں۔‘‘


Share: