ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سنبھل تشدد: سماجوادی پارٹی کی رپورٹ پیش، اکھلیش یادو کا بی جے پی پر سازش کا الزام

سنبھل تشدد: سماجوادی پارٹی کی رپورٹ پیش، اکھلیش یادو کا بی جے پی پر سازش کا الزام

Wed, 08 Jan 2025 11:12:15  Office Staff   S.O. News Service

لکھنؤ ، 8/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)سماجوادی پارٹی نے آج (7 جنوری) سنبھل کی جامع مسجد کے سروے کے دوران پیش آئے تشدد کے معاملے پر اپنی رپورٹ میڈیا کے سامنے پیش کی۔ یوپی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ماتا پرساد پانڈے نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’مسجد کے سروے کے نام پر جان بوجھ کر تنازعہ کھڑا کیا گیا۔ سروے ٹیم میں بی جے پی سے وابستہ افراد شامل تھے، اور تنازعہ بڑھنے کے بعد پولیس نے ہجوم کو قابو میں کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کرنے کے بجائے براہ راست فائرنگ کی۔ اس واقعے سے ریاست کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔‘‘

اس پریس کانفرنس سے سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے سنبھل میں جان بوجھ کر افسران کے ساتھ مل کر تشدد کو انجام دیا اور معصوم لوگوں پر ظلم کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی کا وفد جب سنبھل گیا تو اسے روک دیا گیا۔ وہاں جانے نہیں دیا گیا۔ آخر حکومت کیا چھپانا چاہتی ہے۔ اس واقعہ کے ذریعہ ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی۔ بی جے پی ’دراڑ وادی پارٹی‘ ہے۔ ان لوگوں کو انسانوں کی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بی جے پی ایک سنگدل پارٹی ہے۔‘‘ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت کے 2 پہیے ہیں... ایک ناانصافی اور دوسرا بدعنوانی۔ یہ لوگ بدعنوانی کے معاملوں کو دبانے کے لیے ریاست میں جگہ جگہ تشدد کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی افسران بھی ناانصافی کی تمام حدیں پار کر رہے ہیں۔

اکھلیش یادو نے گئو کشی کے حوالے سے کہا کہ خود بی جے پی کے لیڈر نے الزام لگایا ہے کہ یوپی میں روزانہ 50 ہزار گائیں کاٹی جا رہی ہیں اور جم کر بدعنوانی ہو رہی ہے۔ بی جے پی کے ہی رکن اسمبلی کہہ رہے ہیں کہ آج اگر ریاست میں بی جے پی کا وزیر اعلیٰ نہیں ہوتا تو سی ایم ہاؤس میں گھس جاتے۔ میں یہی کہوں گا کہ یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کے نہیں ہیں۔ میں ان سے یہی کہوں گا کہ وہ آئیں اور سی ایم ہاؤس میں گھس جائیں۔ دراصل اکھلیش یادو بی جے پی رکن اسمبلی نند کشور گوجر کی بات کہہ رہے تھے جنھوں نے گزشتہ دنوں گئوکشی سے متعلق ایک انتہائی اہم بیان دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’بی جے پی حکومت میں ہر دن 50 ہزار گائیں کٹ رہی ہیں۔ افسران پیسہ کھا رہے ہیں، لوٹ مچی ہوئی ہے اور اس کے مکھیا چیف سکریٹری ہے۔‘‘ نند کشور گوجر یہاں تک کہتے ہیں کہ ’’میرے قتل کی تیاری ہو چکی ہے، 25 پستول خریدی جا چکی ہیں۔‘‘

بہرحال، آج منعقد پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ملکی پور ضمنی انتخاب کے حوالے سے بھی اپنی بات رکھی۔ انھوں نے یوگی حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’ملکی پور میں سب سے صاف ستھرا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ میڈیا کے لوگوں کو بھی وہاں کیمرہ لے کر جانا چاہیے تاکہ پتہ چل سکے کہ وہاں کیسے انتخاب ہوتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں 9 سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ضمنی انتخاب کے دوران دیکھا گیا تھا کہ انتظامیہ کی مدد سے لوگوں کو ووٹ نہیں کرنے دیا گیا۔ بوتھوں پر پولیس اہلکار کو تعینات کر دیا گیا اور ووٹرس کو ووٹ دینے سے روکا گیا۔‘‘


Share: