بھٹکل، 19 جون (ایس او نیوز) — مانسون کی آمد کے ساتھ ہی مشہور سیاحتی مقام مرڈیشور میں سمندر کے کنارے جانے اور اس میں نہانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ محکمہ سیاحت، ماولّی گرام پنچایت اور مرڈیشور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر عوامی تحفظ کے پیش نظر لیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں اور مقامی افراد کو آگاہ کرنے کے لیے مرڈیشور ساحل پر نوٹس بورڈ اور انتباہی بینر نمایاں طور پر نصب کیے گئے ہیں، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ بارش کے موسم میں سمندر میں نہانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
بارشوں کے دوران سمندری لہریں غیرمعمولی طور پر بلند ہوتی ہیں، جس کے باعث انسانی جان کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ اسی بنا پر ہر سال برسات کے دوران احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ پابندی عائد کی جاتی ہے، جو موسم ختم ہونے تک برقرار رہے گی۔
مرڈیشور پولیس نے عوام الناس، بالخصوص سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور متعلقہ حکام سے تعاون کرتے ہوئے ساحل سمندر سے دور رہیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے