ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم کی جانب سے ایس پی ایم نارائن کو خراجِ تحسین؛ عید الاضحیٰ پر مسلمانوں سے دوسرے مذاہب کے جذبات کا خیال رکھنے کی اپیل

بھٹکل تنظیم کی جانب سے ایس پی ایم نارائن کو خراجِ تحسین؛ عید الاضحیٰ پر مسلمانوں سے دوسرے مذاہب کے جذبات کا خیال رکھنے کی اپیل

Tue, 27 May 2025 14:39:41    S O News
بھٹکل تنظیم کی جانب سے ایس پی ایم نارائن کو خراجِ تحسین؛ عید الاضحیٰ پر مسلمانوں سے دوسرے مذاہب کے جذبات کا خیال رکھنے کی اپیل

بھٹکل، 28 مئی (ایس او نیوز): ضلع اُترکنڑا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مسٹر ایم نارائن کو حال ہی میں کرناٹک ریاستی پولیس کی جانب سے ڈی جی پی-آئی جی پی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس اعزاز کے اعتراف میں بھٹکل کا معروف سماجی و ملی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے ایس پی نارائن کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی قیادت میں امن و امان قائم رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر تنظیم عہدیدار عزیز الرحمن رکن الدین ندوی کی قیادت میں ایک وفد نے کاروار پہنچ کر ایس پی سے ملاقات کی اور ضلع میں ان کی زیرِ قیادت پولیس محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم، بھٹکل سمیت پورے ضلع میں پُرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایس پی ایم نارائن نے تنظیم کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ امن و قانون کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایس پی نارائن نے عیدالاضحیٰ کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا مذہبی تہوار امن و سکون کے ساتھ منائیں ، لیکن اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان کی خوشیوں سے کسی دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے۔

 وفد میں تنظیم کے دیگر اراکین، ایڈوکیٹ عمران لنکا، الطاف کھروری اور مبین دامودی بھی شامل تھے۔

Click here for report in English


Share: