بھٹکل، 16 جون (ایس او نیوز): محکمہ موسمیات کی جانب سے اُترکنڑا ضلع میں 16 اور 17 جون کو شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد، ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے ضلع کے آٹھ تعلقہ جات میں آنگن واڑیوں، پرائمری اور ہائی اسکولوں میں 17 جون (منگل) کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ بچوں کی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس میں کاروار، انکولہ، کمٹہ، ہوناور، بھٹکل، سِرسی، سدا پور اور یلاپور تعلقہ شامل ہیں۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی سفارشات کی بنیاد پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
یہ حکم ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعہ 34(ایم) کے تحت جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت ڈپٹی کمشنر کو ہنگامی صورتحال میں حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور بعد میں تعلیمی ایام کی مناسبت سے چھٹیوں کا ایڈجسٹمنٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔