ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل نوائط کالونی سرکاری اسکول کا میدان پانی میں ڈوب گیا؛ طلبہ اور اساتذہ کو شدید مشکلات

بھٹکل نوائط کالونی سرکاری اسکول کا میدان پانی میں ڈوب گیا؛ طلبہ اور اساتذہ کو شدید مشکلات

Fri, 25 Jul 2025 18:06:58    S O News
بھٹکل نوائط کالونی سرکاری اسکول کا میدان پانی میں ڈوب گیا؛ طلبہ اور اساتذہ کو شدید مشکلات

بھٹکل 25/جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل میں گذشتہ کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث نوائط کالونی میں واقع سرکاری ماڈل اردو  اسکول کا صحن مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے، جس کی وجہ سے طلبہ اور اساتذہ کو زانو تک پانی میں سے گزر کر اسکول میں داخل ہونا پڑ رہا ہے۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہر سال بارش کے موسم میں اسکول کا میدان تالاب میں تبدیل ہو جاتا ہے، لیکن مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔

1959 میں قائم یہ اسکول 2013 میں ہائی اسکول میں تبدیل کیا گیا تھا، جہاں اس وقت تقریباً 145 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں — جن میں 70 پرائمری اور 75 ہائی اسکول کے طلبہ شامل ہیں۔ اگرچہ تعلیمی معیار قابلِ ستائش ہے، لیکن اسکول کو بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے، بالخصوص نکاسی آب کا نظام انتہائی ناقص ہے۔

bhatkal-nawayat-colony-school-rain-water-2.jpg

اساتذہ اور والدین کی جانب سے بارہا مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ اسکول کے صحن سے پانی کی نکاسی کا مستقل بندوبست کیا جائے تاکہ بچوں کو موسمِ باراں میں مشکلات نہ اٹھانی پڑیں۔ تاہم، اسکول کے ذمہ داران کا شکوہ ہے کہ بھٹکل میونسپل کونسل اور جالی پٹن پنچایت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں اور طلبہ و اساتذہ کو درپیش مسائل حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں نظر نہیں آ رہی ہیں۔

تعلیمی افسر کا دورہ

مسلسل بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہونے پر، تعلقہ بلاک ایجوکیشن افسر وینکٹیش نائک نے اسکول کا دورہ کیا۔ انہوں نے موقع کا معائنہ کرنے کے بعد بلدیہ حکام سے رابطہ قائم کیا اور جلد از جلد مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر اسکول ڈیولپمنٹ کمیٹی کے صدر حسن خان، رکن سید سلیم، ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر ایوب خان اور پرائمری اسکول کی ہیڈ مس صبیحہ بانو بھی موجود تھے۔


Share: