بنگلورو ،12/فروری (ایس او نیوز)بنگلورو شہر کے تھانیسندرا علاقہ میں پولیس کوارٹرز کے قریب پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ حادثہ ہننور ٹریفک پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔
مہلوک بچیوں کی شناخت دو سالہ ورشا اور اس کی چار سالہ کزن بھانو کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار ناگنگوڑا اپنی بیٹی ورشا اور بھتیجی بھانو کو موٹر سائیکل پر لے جا رہے تھے کہ اسی دوران ایک نجی اسکول کی بس نے دو پہیہ گاڑی کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں دونوں بچیاں سڑک پر گر پڑیں اور بس کے پہیوں تلے آکر موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر موجود افراد سکتے میں آگئے۔
اطلاع ملتے ہی بنگلورو (شمال) کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) موقع پر پہنچے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
ہننور ٹریفک پولیس نے لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں اسکول بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔