ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو پولیس کا انتباہ: ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کے غیر مجاز انسانی زنجیر پروگرام سے دور رہنے کی ہدایت

بنگلورو پولیس کا انتباہ: ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کے غیر مجاز انسانی زنجیر پروگرام سے دور رہنے کی ہدایت

Sat, 23 May 2026 13:36:21    S O News

بنگلورو ، 23/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) بنگلورو سٹی پولیس کمشنر نے ایک باضابطہ پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ ’’کاکروچ جنتا پارٹی کرناٹک‘‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے انسانی زنجیر پروگرام کو کسی بھی سرکاری سطح پر اجازت حاصل نہیں ہے اور یہ پروگرام غیر مجاز قرار دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک پوسٹ گردش کررہی ہے، جس میں 24 مئی 2026 کو ٹاؤن ہال کے سامنے بڑی تعداد میں جمع ہوکر ’’پرامن انسانی زنجیر‘‘ بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔

پریس نوٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اس پروگرام کے انعقاد کے لیے کسی فرد، تنظیم یا سیاسی جماعت کی جانب سے پولیس محکمہ کو کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی سرکاری اجازت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پروگرام کے مقام کے استعمال کے لیے گریٹر بنگلورو اتھارٹی سے بھی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔

پولیس نے مزید کہا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کی یکم اگست 2022 کی ہدایت کے مطابق فریڈم پارک کے علاوہ دیگر مقامات پر احتجاج، دھرنا یا ریلی کی اجازت نہیں ہے۔ ایسے میں ٹاؤن ہال کے سامنے جمع ہونا عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

بنگلورو پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ایکس (ٹوئٹر) اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس طرح کے پیغامات کو جان بوجھ کر یا غیر ارادی طور پر شیئر یا فارورڈ نہ کریں۔

ساتھ ہی شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 24 مئی کو ٹاؤن ہال کے قریب جمع ہونے سے گریز کریں۔

پولیس کے مطابق یہ پریس نوٹ عوامی آگاہی کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو قانون کی پابندی اور غیر مجاز سرگرمیوں سے متعلق بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔


Share: