بینگلورو ، 29 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) سلیکان سٹی بینگلورو میں آوارہ کتوں نے ایک 68 سالہ بزرگ پر حملہ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ خوفناک واقعہ بینگلورو کے کوڈیگے ہلی پولیس تھانے کی حدود میں واقع ٹیلی کام لے آؤٹ علاقے میں پیش آیا، جہاں سِینپا نامی شخص پر تقریباً 8 سے 9 کتوں نے اچانک حملہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، سِینپا پیر کی صبح تین بجے کے قریب کمبل اوڑھے واک کے لیے نکلے تھے۔ کمبل میں لپٹے بزرگ کو دیکھ کر کتوں نے انہیں گھیر لیا اور ان کے ہاتھ، پیر اور چہرے کو بری طرح کاٹ کھایا۔ وہیں موجود لوگوں نے کسی طرح کتوں کو بھگایا، لیکن تب تک سِینپا شدید زخمی ہو چکے تھے۔ فوری طور پر انہیں یلہنکا کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ بعد ازاں ان کی لاش کو سنجے نگر کے ایک نجی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا۔
سِینپا کے اہل خانہ، بالخصوص ان کی بہو نے بتایا کہ "وہ روز صبح واک کے لیے جاتے تھے، مگر کل جیسے ہی وہ نکلے، اچانک دس کے قریب کتوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ کوئی بھی انہیں بچانے نہیں پہنچ سکا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔"
بی بی ایم پی کے خصوصی کمشنر سورلکر وکاس کشور نے متاثرہ خاندان کو ایک لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ بی بی ایم پی کے یلہنکا زون کے ویٹرنری افسر ڈاکٹر منوہر نے بتایا کہ سِینپا کسی حد تک ذہنی طور پر غیر مستحکم تھے اور اکثر غیر متوقع اوقات میں گھر سے باہر نکلتے تھے۔ ضابطوں کے مطابق اہل خانہ کو ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
حادثے کے بعد عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور کئی شہریوں نے آوارہ کتوں کو دیگر علاقوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم بی بی ایم پی نے وضاحت کی ہے کہ جانوروں سے متعلق قوانین کے تحت کتوں کو کسی دوسرے علاقے میں منتقل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ اس سے علاقائی جارحیت اور مزید حملوں کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
ادھر، واقعے کے بعد بی بی ایم پی کی ویٹرنری ٹیم نے علاقے کو گھیر کر تمام کتوں کو تحویل میں لے کر یلہنکا مرکز منتقل کر دیا ہے، جہاں ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کرناٹک میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، صرف ٹمکور ضلع میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران 10 ہزار سے زیادہ افراد آوارہ کتوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جن میں سے پانچ افراد کی موت ہو چکی ہے۔ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بینگلورو میں پکڑے گئے آوارہ کتوں کو ٹمکور منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے وہاں بھی خطرات بڑھ گئے ہیں۔