
بینگلورو ،16 / فروری (ایس او نیوز) کیلی فورنیا یونیورسٹی برکلے میں زیر تعلیم کرناٹکا کے 22 سالہ طالب علم ساکیت سرینواسن کی گم شدگی کے بعد ہندوستانی قونصل جنرل نے اس کی لاش بازیافت ہونے کی تصدیق کی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ساکیت سرینواسن نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مدراس سے گریجویشن کیا تھا اور 2025 سے کیلی فورنیا یونیورسٹی میں کیمیکل اینڈ بایومولیکولر انجینئرنگ میں ماسٹرس ڈگری کی تعلیم حاصل کر رہا تھا ۔
کیلی فورنیا کی مقامی پولیس نے چھ دنوں تک گم شدہ سرنیواسن کے لئے تلاشی مہم چلانے کے بعد برکلے ہِل علاقے میں اس کی لاش بازیافت ہونے کی اطلاع دی ۔
بتایا جاتا ہے کہ ساکیت کو 9 فروری کے دن صبح کے وقت دیکھا گیا تھا ۔ پڑوس کے علاقے میں ایک دروازے کے باہر اس کا بیک پیاک دستیاب ہوا جس کے اندر اس کا پاسپورٹ اور لیپ ٹاپ موجود تھا ۔ سانفرانسسکو میں ہندوستانی قونصل جنرل نے ساکیت کی لاش بازیافت ہونے کی تصدیق کے ساتھ اس کے کنبے کے نام ایک تعزیتی پیغام میں اس واقعے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ قونصل خانہ وہاں کے مقامی افسران کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہے اور لاش کو ہندوستان بھیجنے کے ضمن میں ضروری کارروائی کی جا رہی ہے ۔