بنگلورو، 27 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی)ریاست کرناٹک کی حکومت نے دیہی عوام کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایت راج و انفارمیشن ٹیکنالوجی، پریانک کھرگے نے اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر کی گرام پنچایتوں میں قائم باپوجی سیوا کیندروں کے ذریعے اب سیوا سندھو پورٹل کے تحت 208 نئی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس سے قبل یہ مراکز 81 خدمات فراہم کر رہے تھے۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں سیوا سندھو پورٹل کو گرام پنچایت سطح تک وسعت دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے دیہی ترقی و پنچایت راج محکمہ نے ای-گورننس ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ دیہی علاقوں کے شہریوں کو سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر ہی مہیا کرائی جا سکیں۔
اس وقت سیوا سندھو پورٹل کے ذریعے ریاست کے 46 مختلف محکموں کی 800 سے زائد خدمات آن لائن دستیاب ہیں۔ ان میں سے دیہی علاقوں کے لیے مفید اور موزوں خدمات کو چن کر گرام پنچایتوں کے باپوجی سیوا کیندروں سے فراہم کیا جائے گا، تاکہ دیہی عوام کو بھی شہری علاقوں کے مساوی سہولیات میسر آ سکیں۔
پریانک کھرگے نے مزید بتایا کہ "گرام ون"، "بنگلور ون" اور "کرناٹک ون" مراکز میں جو خدمات دستیاب ہیں، وہ سب سیوا سندھو پورٹل سے مربوط ہیں، اور اب گرام پنچایت سطح پر بھی تقریباً 300 خدمات کو قابلِ رسائی بنایا جا رہا ہے۔
حکومت کے اس اقدام سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو ایک ہی چھت کے نیچے متنوع اور اہم سرکاری خدمات حاصل ہوں گی، جس سے وقت، خرچ اور محنت کی بچت ممکن ہو گی۔ ساتھ ہی ریاست میں ڈیجیٹل انقلابی عمل کو بھی فروغ ملے گا۔