بیلاری ، 9/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے ضلع بیلاری کے ایک رہائشی اسکول میں ایک طالب علم نے اپنے ساتھی طلبہ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک کی موت واقع ہوگئی جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔
اطلاع کے مطابق یہ واقعہ شہر کے گروکل ریذیڈینشیل اسکول میں ہفتہ کی رات پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک طالب علم نے اپنے ساتھیوں پر لوہے کی سلاخ اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر دیا۔اس حملہ میں شدید زخمی ہونے والے طالب علم کی شناخت ہیمَنت کے طور پر ہوئی ہے جو آندھرا پردیش کے ادونی علاقے کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ اسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ویمس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ رات کے کھانے کے بعد تمام طلبہ ہاسٹل میں سو رہے تھے۔ اسی دوران ملزم طالب علم نے بستر کی سلاخ اور دیگر اوزاروں سے ساتھی طلبہ پر اچانک حملہ کر دیا۔ اس واقعہ میں آٹھ طلبہ زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ کے دوران ہاسٹل کے وارڈن نے حملہ آور طالب علم کو روکنے کی کوشش کی، تاہم اس نے وارڈن پر بھی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ بھی زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور اور زخمی ہونے والے تمام طلبہ نویں جماعت کے طالب علم ہیں۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔