باغپت، 28/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی )اتر پردیش کے باغپت میں منگل کے روز جین مذہبی تقریب کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ آدیناتھ بھگوان کے نروان لڈو پروگرام کے دوران لکڑی سے بنا مچان اچانک گر گیا، جس کے نیچے 50 سے زائد افراد دب گئے۔ اس حادثے میں 5 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 20 کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا، جبکہ باقی زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے نام ہیں: ترش پال جین (74 سال)، امت (40 سال)، اوشا (65 سال)، ارون جین ماسٹر (48 سال)، شلپی جین (25 سال)، وپن (44 سال)، کملیش (65 سال)۔ رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ منگل کی صبح بڑوت شہر کے گاندھی روڈ پر واقع کمپلیکس میں پیش آیا، جہاں لکڑی اور بانس سے بنے مچان پر لوگ موجود تھے۔ اچانک مچان گرنے سے اس کے نیچے کئی لوگ دب گئے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی اور پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ اس حادثے میں 6-7 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی ایم باغپت اسمِتا لال اور ایس پی ارپت وجے ورگیہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کی حالت کا جائزہ لیا۔ ڈی ایم اسمِتا لال نے بتایا کہ حادثے میں 40 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ نے تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ممکن ہے۔