ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / باگل کوٹ : شیواجی کے جلوس پر پتھر بازی اور بدامنی کا معاملہ - پولیس نے کیا اشوک اور سندیپ کو گرفتار

باگل کوٹ : شیواجی کے جلوس پر پتھر بازی اور بدامنی کا معاملہ - پولیس نے کیا اشوک اور سندیپ کو گرفتار

Mon, 23 Feb 2026 13:11:04    S O News

باگل کوٹ ،  23 / فروری (ایس او نیوز) گزشتہ ہفتے باگل کوٹ میں نکالے گئے شیواجی مہاراج کے جلوس پر سنگ باری کرنے اور بد امنی پھیلانے کے الزام میں پولیس نے اشوک باراکر (22 سال) اور سندیپ فراڈے (38 سال) نامی دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ 
    
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھارتھ گویل نے بتایا کہ حالیہ گرفتاریاں ویڈیو اور فوٹو گرافس کی بنیاد پر کی گئی ہیں جس میں ان دو ملزمین کو شہر کے مختلف مقامات پر تشدد میں ملوث ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ ان دونوں پر بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔
    
خیال رہے کہ 19 فروری کو شیواجی کے جلوس پر پتھر اور جوتے پھینکنے کا یہ معاملہ اس وقت پیش آیا تھا جب یہ جلوس مٹن مارکیٹ علاقے میں ایک مسجد کے سامنے سے گزر رہا تھا ۔ اس کے بعد تھوڑی دیر کے لئے تشدد بھڑکا تھا جس میں ایک پولیس آفیسر سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے ۔ اس معاملے میں دس افراد کو ملزم بنایا گیا ہے ، جن میں گرفتار کیے گئے دو افراد بھی شامل ہیں ۔ 
    
پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ شہر کے دو تین علاقوں میں کچھ گروپ پتھر بازی میں ملوث ہو رہے ہیں اور تحقیقاتی افسران کا خیال ہے کہ یہ تشدد بڑے پیمانے پر بد امنی پھیلانے کی سازش تھی ۔ 
    
در ایں اثناء حکام نے امن عامہ کو بحال رکھنے کے مقصد سے احتیاطی اقدام کے طور پر رام سینا کے چیف پرمود متالک اور ہندوتوا وادی لیڈر پونیت کیریہلّی کے باگل کوٹ ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ 
    
افسران کا کہنا ہے کہ باگل کوٹ میں حالات اس وقت پوری طرح زیر قابو ہیں، البتہ سخت حفاظتی اقدامات اپنی جگہ بحال ہیں اور معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔  


Share: