
بنگلور، یکم مئی (ایس او نیوز): جمعرات کی شام شہر میں جاری زور دار بارش کے دوران کتری گوپے مین روڈ پر چلتے آٹو رکشہ پر ایک بھاری بھرکم درخت گرنے سے ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت مہیش (45 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہیش اٹماڈو کے قریب بھونیشوری نگر کا رہائشی تھا۔ شام تقریباً 7:30 بجے مہیش نے مسافروں کو 43E بس اسٹاپ کے قریب اتارا تھا اور قریبی گیس اسٹیشن سے گیس بھروانے کے بعد واپس آ رہا تھا۔ جس کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک درخت اچانک اس کے آٹو پر آ گرا۔
درخت کا وزن اتنا زیادہ تھا کہ آٹو بری طرح تباہ ہو گیا اور مہیش نے موقع پر ہی دم توڑ دیا خوش قسمتی سے اس کے آٹو رکشہ کے سامنے سے گذرنے والی ایک کیب میں سوار ڈرائیور اور دو خواتین بروقت کیب سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئیں اور محفوظ رہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ایم ایل اے روی سبرامنیا نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میونسپل عملے کو درخت ہٹانے کی ہدایت دی۔
قریبی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔